آرمی چیف کا ایل او سی کا دورہ


پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے جمعرات کو آزاد کشمیر اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر کے درمیان واقع عارضی حد بندی یا لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔ مسلح افواج کے شعبہ¿ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق، ایل او سی پہنچنے پر آرمی چیف کو وہاں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے تیاریوں اور بلند حوصلہ برقرار رکھنے پر افسران اور جوانوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے جوانوں کو مستعد رہنے اور لگن اور خلوص کے ساتھ فرائض کی ادائیگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کا حل چاہتی ہے۔ پاک فوج کشمیریوں کی منصفانہ کاز کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔ جنرل عاصم منیر نے جو کچھ کہا یہ وہ موقف ہے جو پاکستان مسلسل دہراتا چلا آرہا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر سے متعلق تنازعے کو پون صدی مکمل ہوچکی ہے لیکن تاحال بین الاقوامی برادری اور عالمی اداروں نے اس سلسلے میں کوئی ٹھوس کردار ادا کر کے اس مسئلے کا حل نہیں نکالا۔ اس سلسلے میں یہ بات بھی یاد رکھنے کی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین اس مسئلے پر جنگیں بھی ہوچکی ہیں اور دونوں کے جوہری قوت کا حامل ہونے کی وجہ سے یہ امکان کی بھی رد نہیں کیا جاسکتا کہ کسی وقت دونوں کے درمیان ہونے والی کشیدگی کسی ایسے مسئلے کا باعث بن جائے تو جو پوری بین الاقوامی برادری کو بری طرح متاثر کرے۔ اس صورتحال میں اقوامِ متحدہ کو چاہیے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کرے۔

ای پیپر دی نیشن