لاہور ( این این آئی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے گزشتہ روز گڈ فرائیڈے مذہبی عقیدت و احترام سے منایا ۔اس سلسلے میں ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔مسیحی عقائد کے مطابق حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی صلیبی موت کی یاد کو گڈ فرائیڈے کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس روز کی مناسبت سے خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا جن کا مقصد دراصل کرائسٹ کے ان دکھوں کو یاد کرنا تھا جو انہوں نے اپنی صلیب پر سہے اور ان کے منہ سے ادا کیے گئے سات کلمات کی اہمیت کو سمجھنا ہے۔مسیحی گڈ فرائیڈے کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی لازوال قربانیوں سے تعبیر کرتے ہوئے ان کے ساتھ عقیدت و احترام کا اظہار کرتے ہیں۔اس سلسلے میں ملک بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں پادریوں نے امن اور بھائی چارے کا بھی درس دیا ۔دوسری جانب پولیس و انتظامیہ کی جانب سے سخت ترین حفاظتی اقدامات کئے گئے اور گرجاگھروں کے باہر اور اندر پولیس کی نفری تعینات کی گئی ۔مسیحی برادری کل اتوار کو اپنا سب سے بڑا مذہبی تہوار ایسٹر منائے گی ،ایسٹر روزوں کے ایام کے بعد منایا جانے والا مسیحی تہوار ہے۔
گڈ فرائیڈے