لاہور(خصوصی نامہ نگار )دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے گزشتہ روزکہاہے کہ روزہ فاقہ کشی کا نہیں حصول تقویٰ کانام ہے۔ہر چیز کی زکوٰة ہوتی ہے اور بدن کی زکوٰة روزہ ہے۔ ماہ رمضان میں مومنوں کا رزق کشادہ کر دیاجاتا ہے۔ مسلمان اپنی زبان کو جھوٹ، غیبت، لڑائی جھگڑے سے پاک رکھیں ،اپنا اخلاق بہتر بنائیں۔ روزہ برائیوں اور دوزخ سے بچنے کیلئے ایک ڈھال ہے۔اپنے تمام اعضا، اپنی سوچوں اور اپنے خیالوں تک کو دنیاوی آلائشوں سے محفوظ رکھنے کا نام روزہ ہے۔ رمضان المبارک کا مہینہ مسلمانوں کیلئے ایک مکمل ٹریننگ سیشن ہے جو انہیں مذہبی، اخلاقی، روحانی، معاشرتی اور ہر لحاظ سے بہترین بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ماہ رمضان میں بنی آدم کے ہر عمل کا اجر 10 گنا سے لے کر7 سو گنا تک بڑھا دیاجاتا ہے۔ چھوٹی سی چھوٹی نیکی کو بھی معمولی نہ سمجھیں۔ نیکی کا جو موقع ملے اس سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ روزے سے فقط فاقہ کشی حاصل کرنے کی بجائے صبر، تقویٰ، رضائے الٰہی کے حصول سمیت دیگر اخلاقی صفات کو اپنے اندر پیدا کیا جائے۔ایک دوسرے کیلئے احترام، ہمدردی اور محبت کے جذبات کو فروغ دیا جائے۔
روزہ فاقہ کشی کا نہیں حصول تقویٰ کانام ہے:راغب حسین نعیمی
Apr 08, 2023