ایف بی آر کے ٹیکس دہندگان کو بلا جواز نوٹسز دینے پر تشویش ہے: پی ٹی اے


لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن نے ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس دہندگان کو بلا جواز نوٹسز دینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اسیسمنٹ اور نوٹسز کے اجراءکا الگ الگ شعبہ قائم کیا جائے تاکہ خوف و ہراس پھیلانے اور رشوت کے کاروبار کا سد باب ہو سکے۔ آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کو پورا کرتے کرتے حکومت معیشت میں کردار ادا کرنے والے تمام شعبوںکا اپنے ہاتھوں سے گلا گھونٹ رہی ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار اورجنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ملک میں سیاسی ، آئینی اور معاشی بحران اپنے عروج پر ہے اور اگر ہنگامی بنیادوںپر اصلاح کیلئے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو اس کے انتہائی منفی اور دورس نتائج ہوں گے جس کا آنے والے کئی سالوں تک ازالہ ممکن نہیں ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر قرضوں کا بوجھ گھنٹوں کے حساب سے بڑھ رہا ہے جبکہ قرضوں اور اس کے اوپر سود کی واپسی کیلئے کوئی پالیسی نہیں ہے۔ معاشی سر گرمیاں پہلے ہی سکڑ رہی ہیں اور سٹیٹ بنک پالیسی ریٹ میں تسلسل کے ساتھ اضافہ کر رہا ہے۔ اگر جائزہ لیا جائے تو پاکستان کی معیشت موجودہ پالیسیوں کے ساتھ کبھی بھی گروتھ نہیں دکھا سکتی بلکہ تنزلی کی جانب سفر تیز ہو رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن