متحدہ عرب امارات ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کےساتھ کھڑ ہوا :فخرالدین دیوان


لاہور(کامرس رپورٹر )یو اے ای بزنس کونسل کے چیئرمین اور داﺅدی بوہرہ کمیونٹی کے ممتاز ممبر فخر الدین دیوان نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑ ہوا ہے۔مختلف مواقعوں پر آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے اور ڈیفالٹ کو روکنے کیلئے متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے میں ہمیشہ مالی معاونت کی ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ پاکستان کو متحدہ عرب امارات کی حکومت سے پاکستانی برآمدات میں سہولت فراہم کرنے کی ترغیب دینے کی درخواست کرنی چاہیے۔ اس سے پاکستان کو نہ صرف تجارتی خسارے کو پورا کرنے کے حوالے سے پائیدار بنیادوں پر مدد ملے گی بلکہ معاشی نمو اور صنعتوں میں مقامی طور پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ فخرالدین دیوان نے خاص طور پر دونوں برادر ممالک کے درمیان عوامی اور کاروباری تعلقات استوار کرنے میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیثی کے فعال کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ داﺅدی بوہرہ کمیونٹی کی کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں کو متحدہ عرب امارات میں خوش آمدید کہا ہے اور ضروری سپورٹ بھی فراہم کی ہے۔ پاکستانی ہنر مند اور نیم ہنر مند افرادی قوت کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا،بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کا ساتھ دینا اور معاشی بحرانوں کے وقت میں دوستانہ حکمت عملی کے ساتھ فیصلہ کن طور پر پاکستان کا ساتھ دینا ہمارے برادرانہ تعلقات کی دلیل ہے۔

ای پیپر دی نیشن