سندھ سے جرائم کا خاتمہ‘ پی پی رکن اسمبلی نے آرمی چیف سے مدد مانگ لی

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی مخدوم جمیل الزمان نے سندھ میں جرائم کے خاتمے کیلئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ایکشن لینے کی اپیل کردی۔ مٹیاری میں میڈیا سے گفتگو میں مخدوم جمیل الزمان کا کہنا تھا کہ سندھ میں جرائم بڑھ گئے ہیں، ایک مرتبہ فوج آئے اور اس کو جڑ سے اکھاڑ دے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف سے گزارش ہے ایکشن لیں اور سندھ کو اس آفت سے ہمیشہ کے لیے نجات دلائیں، کب تک ہم احتجاج کریں گے اور تحریکیں چلائیں گے؟ سب ایک ٹیبل پر بیٹھ جائیں۔ شہباز شریف موجودہ حکومت کے انچارج ہیں اور وہ دور اندیش آدمی ہیں، وہ آصف زرداری سے مشاورت کریں گے تو حکومت پانچ سال بھی پورا کرے گی اور جھگڑے بھی نہیں ہوں گے۔ مخدوم جمیل الزمان نے کہا کہ اللہ نے میری اور دیگر لوگوں کی دعا یقیناً قبول کی ہوگی،  لگتا ہے بانی پی ٹی آئی جلد باہر آجائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن