اسلام آباد‘ کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ولید اقبال نے علی زیدی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے فارمولے پر پورے نہیں اترتے۔ ولید اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا جنہیں پارٹی چھوڑنے پر مجبور کیا گیا ان کی واپسی پر غور کیا جا سکتا ہے۔ جن پر جبر و تشدد ہوا، پریس کانفرنس سے پارٹی چھوڑنے کا کہا گیا ان کو دیکھا جائے گا، ان لوگوں کو نہیں جو پریس کانفرنس کے بعد دوسری پارٹی میں گئے۔ علی زیدی آئی پی پی میں چلے گئے تھے وہ اس کیٹیگری میں نہیں آتے۔ ولید اقبال نے یہ بھی کہا کہ کچھ لوگوں کے بارے میں کہا جا رہا ہے وہ پلانٹڈ ہیں۔ ہماری گرینڈ الائنس بن چکی ہے، پر امن احتجاج کا سلسلہ بلوچستان اور کے پی سے شروع ہوگا، مولانا فضل الرحمان بھی اس معاملے میں ہمارے ہم خیال ہیں، پْرامن احتجاج 8 اور 9 فروری کے ڈاکے کے خلاف ہوگا۔ بانی پی ٹی آئی کو کسی قسم کے این آر او کی ضرورت نہیں، بانی پی ٹی آئی پر تمام کے تمام کیسز جعلی ہیں۔ دریں اثناء سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے پی ٹی آئی رہنمائوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری خاموشی کو غلطی سے کوئی کمزوری نہ سمجھ بیٹھے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اجازت کے بغیر اسٹیبلشمنٹ کے کسی عہدیدار سے ملاقات نہیں کی، بات چیت ہر سطح پر ہوتی ہے، ہر مسئلے کا حل بات چیت سے ہی نکلتا ہے۔ علی زیدی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اندر ہی کچھ مفاد پرست سازشیوں نے حسد میں جھوٹا بیانیہ بنایا۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے تحریک انصاف میں اختلاف کی تردید کر دی۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ سب بانی پی ٹی آئی کے کاز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وقت کا بھی یہی تقاضا ہے‘ 8 فروری کا مینڈیٹ واپس لینے کیلئے سڑکوں پر نکلیں گے۔ پارٹی کے حوالے سے کسی سوال کا جواب اس انداز سے نہیں دوں گا جس سے پارٹی میں اختلاف کی بو آئے۔ دریں اثناء سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نام لیکر اس لئے تنقید کر رہے ہیں کہ مداخلت بند ہونا چاہئے۔ عدالت کہہ رہی ہے کہ مداخلت ہو رہی ہے کیا یہ کم بات ہے۔ وثوق سے کہتا ہوں کہ اپریل میں ہی بانی پی ٹی آئی باہر آ جائیں گے۔ کوئی اسے ڈیل کہے گا تو یہ کم ظرفی والی بات ہوگی۔ بانی پی ٹی آئی انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ آئین کی بالادستی چاہتے ہیں۔ سائفر کیس میں عدالت کہہ چکی ہے کہ کدھر ہے۔ سائفر، عدت کا مقدمہ شرمناک ہے۔ دریں اثناء تحریک انصاف کے سینیئر رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ عید کے بعد بڑے جلسوں کی طرف جائیں گے۔ جلسوں کے ساتھ پرامن احتجاج بھی ہمارا حق ہے، جلسہ یا احتجاج پریس کلب یا کسی بھی پبلک مقام پر کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی رہنما نے کارکنان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کارکن کسی کو موقع نہ دیں کہ 9 مئی والے ڈرامے کا معاملہ ہو۔