نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ میں مالٹا کے مستقل مشن نے اپریل کے مہینے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے اعلان کیا کہ سلامتی کونسل پیر 8 اپریل کو ایک بند اجلاس منعقد کرے گی۔ اس اجلاس کا موضوع فلسطین کی جانب سے اقوام متحدہ کی مستقل رکنیت کی درخواست پر غور کرنا ہوگا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مالٹا مشن نے ایک بیان میں کہا کہ پیر 8 اپریل صبح 10 بجے اقوام متحدہ کے مستقل رکن کے طور پر قبول کرنے کی فلسطین کی درخواست پر مشاورت کی جائے گی۔ مالٹا کے مستقل مشن کے بیان میں کہا گیا کہ نئے ارکان کو اقوام متحدہ میں داخل کرنے کے لیے درخواست کو سلامتی کونسل کی کمیٹی میں بھیجنے کے لیے ضروری اقدامات پر بند اجلاس میں بحث کی جائے گی۔یاد رہے فلسطینی اتھارٹی نے 2011 میں اقوام متحدہ میں مکمل رکن کے طور پر شامل ہونے کی کوشش کی تھی لیکن بعد میں اس نے عارضی طور پر اپنے مستقل مبصر کی حیثیت کو عارضی مدت کے لیے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔مستقل مبصر کا درجہ رکھنے والے ممالک بھی زیادہ تر اجلاسوں میں شرکت کر سکتے ہیں اور تقریبا تمام متعلقہ دستاویزات حاصل کر سکتے ہیں لیکن انہیں ووٹ دینے کا حق حاصل نہیں ہوتا۔
مستقل رکنیت کیلئے فلسطینی درخواست پر سلامتی کونسل آج غور کرے گی
Apr 08, 2024