لاہور (خصوصی نامہْ نگار) عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور میں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبد الخبیر آزادکی زیرسرپرستی میں ختم القرآن کی تقریب ستائیسویں شب کو منعقد ہوئی۔ امام تراویح صاحبزادہ حافظ سید محمد عبدالرزاق آزاد نے تکمیل قرآن پاک کی سعادت حاصل کی۔ علاوہ ازیں بادشاہی مسجد لاہور میں محکمہ اوقاف پنجاب کے زیر اہتمام صوبائی محفل شبینہ جاری ہے جس میں پاکستان کے ممتاز قراء کرام تلاوت قرآن پاک کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے ستائیسویں شب لیلۃ القدر کی رات، شب بیداری کے بڑے اجتماع سے خطاب کیا اور امت مسلمہ کی وحدت، پاکستان کی استحکام، قومی یکجہتی، ترقی و خوشحالی، گناہوں سے اجتماعی توبہ اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعاء فرمائی۔ اس موقع پر علماء کرام و مشائخ عظام، قراء حضرات، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام الناس، اہلیان علاقہ ہزاروں کی تعداد میں شریک ہوئے۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شب قدر اللہ تعالیٰ کو منانے کی رات ہے، رحمت الٰہی کے دروازے کھلے ہیں، آئیں مل کر توبہ استغفار اور رجوع الی اللہ کریں، موجودہ حالات میں پوری قوم اللہ تعالیٰ کے حضور اپنے گناہوں کی معافی مانگے۔ رمضان کے آخری عشرہ میں لیلۃ القدر وہ عظیم رات ہے اس ایک رات کی عبادت ہزار مہینوں سے افضل ہے۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ماہ مقدس میں کثرت کے ساتھ سخاوت اور مخلوق خدا کی خدمت کرنی چاہیے۔ وطن عزیز پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمیٰ ہے۔ رمضان المبارک کی 27ویں شب کو عطا کی گئی جس پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے ہم سب ایک ہیں، پوری قوم پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے افواج پاکستان اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ آج پوری امت مسلمہ غزہ و فسلطین کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ غزہ کے مظلوم لوگوں کے ساتھ تعاون کرنا فرض عین ہے۔
قوم گناہوں کی معافی کی دعا مانگے، تحفظ پاکستان کیلئے ہم سب ایک: عبدالخبیر آزاد
Apr 08, 2024