فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) محکمہ سول ڈیفنس کی انفورسمنٹ ٹیموں نے بھرپور کریک ڈائون کرکے ایل پی جی گیس ریفلنگ کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے مالکان کے خلاف ایکشن لیا اور گزشتہ روز مختلف علاقوں میں قائم8 دکانوں کو سیل کرادیا۔سول ڈیفنس آفیسر رانا محمد عباس نے بتایا کہ ٹیموں نے5 دکان مالکان کے خلاف تھانہ پیپلز کالونی اور جھنگ بازار میں مقدمات درج کرائے جبکہ موقع سے ری فلنگ کا سامان بھی قبضہ میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ نے تین ماہ میں منی پٹرول پمپس اور ڈبہ اسٹیشنز کے ذریعے کھلے عام پٹرول کا غیر قانونی کاروبار کرنے پر57 منی پٹرول پمپس کو ختم کراکر سامان ضبط اور میونسپل کارپوریشن کے حوالے کردیا۔انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے ایل پی جی گیس ریفلنگ اور منی پٹرول پمپس لگاکر کھلے عام غیر قانونی پٹرول کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف گرینڈ ایکشن کا حکم دیا ہے جس پر محکمہ کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر متحرک اور کاروبار میں ملوث دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے علاوہ دکانیں سیل اور سامان ضبط کرنے کے علاوہ چالان جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں جمع کرارہی ہیں جس پر عدالت کی جانب سے جرمانے بھی کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے مکمل خاتمہ تک مہم جاری رہے گی۔