فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر ریونیو ڈائریکٹوریٹ ایسٹ نے آج سے شہر کی 8 رہائشی کالونیوں کے نادہندگان کے کنکشن منقطع کرنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ قبل ازیں ان تمام کالونیوں میں صارفین کو واسا کے ماہانہ بلز کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے بارے نمایاں مقامات پر بینرز آویزاں جبکہ ان کالونیوں کی مساجد میں بلز کی ادائیگی بارے اعلانات بھی کرائے گئے ہیں۔ مینجنگ ڈائریکٹر واسا کی ہدایت پر ڈائریکٹر ریونیو ایسٹ محمد سلیم رانا کی زیر نگرانی فیلڈ ٹیمیں آج سے 8 رہائشی کالونیوں سرفراز کالونی، ٹیک ٹائون، عبداللہ گارڈن، سعید کالونی نمبر ایک، رحمانیہ ٹائون، ناظم آباد سٹی، چناب گارڈن اورفور سیزن کالونی کے نادہندہ صارفین کے خلاف خصوصی آپریشن شروع کرے گی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹرز ظفراقبال قادری، شاہد پاشا اورپرویز اقبال چدھڑ نادہندگان کے خلاف خصوصی آپریشن کی مانیٹرنگ کرینگے۔ ڈائریکٹر ریونیو ایسٹ محمد سلیم رانا نے بتایا کہ ان آٹھوں کالونیوں کے رہائشیوں کی اکثریت واسا فیصل آباد کے نادہندہ ہیں کئی بار انہیں بلز کی ادائیگی بارے ہدایت کی گئی لیکن کوئی عمل درآمد نہیں ہوا۔ لہذا اب ان تمام کالونیوں کے ایسے مکین جو نادہندگان میں شامل ہونگے ان کے سیوریج اور واٹر سپلائی کے کنکشن منقطع کردئیے جائیں گے جس کے لئے تمام فیلڈ سٹاف کو آگاہ اور مشینری تیار کر لی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صارفین بلز کی ادائیگی کریں گے تو واسا اپنی سروسز کو مزید بہتر بنا سکے گا۔
فیصل آباد :واساکا آج سے 8 رہائشی کالونیوں میں نادہندگان کنکشن منقطع کرنیکا اعلان
Apr 08, 2024