موجودہ حکمران ملک کو مہنگائی اور غیر اسلامی نظام میں جھونک رہے، ثمینہ احسان

Apr 08, 2024

 اسلام آباد (خبرنگار) یوم آزادی پاکستان ہمارے لیے رب ذوالجلال کا شکر ادا کرنے کا دن ہے .27 رمضان کو اس عظیم وطن کا قیام رب کی طرف سے ایک واضح اشارہ ہے کہ نزول قرآن کے مہینے اور رات میں اس کا قیام کا مقصد دراصل اسی قران کے نظام کو اس ملک میں نافذ کرنا ہے ,جس کی بنیاد لا الہ الا اللہ ہے .اسلامی تاریخ کے اہم ترین واقعات غزوہ بدر, فتح مکہ وغیرہ اسی مہینے میں ہوئے, پاکستان کا قیام بھی انہی واقعات کی ایک کڑی ہے. ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی حلقہ خواتین شمالی پنجاب کی ناظمہ ثمینہ احسان نے اپنے ایک بیان میں کیا. انہوں نے قوم کو پیغام دیا کہ ہمیں اپنے اس مقدس مشن کو پورا کرنا ہوگا کہ اس ملک میں نظام صرف قرآن کا ہو اور حکومت صرف اللہ کی ہو .اسی صورت میں تکمیل پاکستان ہو سکتی ہے. انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایسے حکمرانوں کا انتخاب کرنا ہوگا جو نہ صرف ملک کو اسلامی نظام کی برکتوں سے فیض یاب کر سکیں بلکہ اپنی شاہ رگ کشمیر کو دشمن کی ظالمانہ گرفت سے ازاد کروا سکیں. موجودہ حکمران جو غیر شفاف انتخابات کے نتیجے میں حکومت میں آئے, ملک کو مہنگائی اور غیر اسلامی نظام میں جھونک رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے پاس ایسے افراد کی ٹیم موجود ہے جو کہ ملک کو اسلام کا قلعہ بنا سکیں اور اپنے اصل مقصد کی طرف گامزن کر سکیں. انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ان باکردار اور جرات مند لوگوں کو منصب قیادت سونپیں تاکہ اسلامی نظام کی برکتوں سے اس ملک کو فیض یاب کیا جا سکے۔

مزیدخبریں