دشمن ملک کو غیر مستحکم کرنے کے درپے ہیں‘ قوم دہشت گردی کیخلاف ایک پلیٹ فارم پر اکھٹی ہو جائے : شہبازشریف

Aug 08, 2009

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے اور ملک کے استحکام کیلئے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہو گا اور تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے ملک دشمن عناصر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بننا ہو گا۔ دشمن آج ملک کوغیر مستحکم اور قومی وحدت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے اور موجودہ تناظر میں قومی یکجہتی و مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ گذشتہ روز جامعۃ المنتظر کے سربراہ مولانا سید نیاز حسین نقوی کی سربراہی میں علماء کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے اور آج قوم کو انتہاپسندی و دہشت گردی کا سامنا ہے۔ بدامنی کی آگ کو ٹھنڈا کرنے کیلئے ملک کے کونے کونے میں امن اور محبت کے پیغام کو پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔ صوبے کی تیزرفتار ترقی کیلئے امن بہت ضروری ہے اس لئے حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام ملک کی سالمیت کیلئے مثالی کردار ادا کریں۔
مزیدخبریں