وزیراعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرین کیلئے پچیس ارب روپے درکار ہیں، بحالی کا کام پنتالیس روز میں شروع کردیا جائے گا۔

شہبازشریف لاہورمیں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں  نے کہا کہ متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کرنے کیلئے سروے کرایا جائے گا۔ سیلاب زدہ افراد کی بحالی کیلئے وفاق سے دس ارب روپے مانگے تھے مگر اب پچیس ارب کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ امید ہے وزیراعظم اس صورتحال میں پنجاب کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بتائیں سیلاب زدگان کیلئے آنےوالی غیر ملکی امداد میں پنجاب کو کتنا حصہ ملے گا۔ شہباز شریف نے کہا سوسال کے دوران یہ بدترین سیلاب ہے جس نے ملکی معیشت کو برباد کردیا۔لاکھوں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ جبکہ لاکھوں لوگ اس قدرتی آفت سے متاثر ہوئے ہیں۔پنجاب حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کے لیے خوراک ، رہائش اور ادویات کے ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ متاثرین کی مدد کے لیے ہیلی کاپٹر اور کشتیوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن