پیرکی صبح سےلاہور،سیالکوٹ،ڈسکہ سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اکثر علاقوں میں موسلا دھار بارش جاری ہے۔ لاہورمیں بارش سے ملتان روڈ، مزنگ، انجینئرنگ یونیورسٹی روڈ، گڑھی شاہو، مومن پورہ اورایکسچینج سمیت نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے جبکہ کاروباراوردفاتر کو جانے والے افراد کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں اب تک ننانوے ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی جبکہ بارشوں کا یہ سلسلہ اگلے دو روز تک جاری رہے گا،دوسری جانب بارش کے باعث لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں مکان کی چھت گرنے سے دو خواتین جاں بحق اور دو زخمی ہوگئیں ۔ سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں بھی خستہ حال مکان کی چھت منہدم ہونے سے دو افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت صوبہ پنجاب، خیبرپختونخوا،کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر تیز ہوائیں چلنے کے علاوہ گرج چمک ساتھ بارش کا امکان ہے ۔