لندن اولمپکس کے گیارہویں روز اکیس گولڈ میڈلز ایونٹس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اب تک چین تینتیس طلائی، بیس نقرئی اور چودہ کانسی کے تمغوں کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے۔ امریکہ انتیس گولڈ، پندرہ سلور اور بیس برانز میڈلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔ میزبان برطانیہ انیس طلائی، بارہ چاندی اور بارہ ہی کانسی کے تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔ جمناسٹکس کے مینزمتوازی بارز ایونٹ میں چین کے فینگ ژی نے گولڈمیڈل جیتا۔ جبکہ خواتین کے بیلنس بیم مقابلوں میں بھی چین کی ڈینگ لنلن کامیاب رہیں۔ سیلنگ کے مینز سیل بورڈ مقابلوں میں ہالینڈ کے کشتی ران فتحیاب رہا۔ جبکہ خواتین کے سیل بورڈ ایونٹ میں سپین کی مارینہ ایلابو نے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ ٹرائتھلون کے مینز ایونٹ میں برطانوی ایتھلیٹ ایلسٹربراؤن لی نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔