لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما نواب ممتاز بھٹو نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے پیپلز پارٹی والوں کو عام انتخابات کی تیاری کا حکم دیدیا ہے جبکہ آئندہ انتخابات میں شکست کو سامنے دیکھ کر ”پپلیوں“ کے وزرا اور مشرا نے ملک سے بھاگنے کیلئے پاسپورٹوں پر ویزے لگوا لئے ہیں۔ گزشتہ روز اپنے گاﺅں میرپور بھٹو سے ٹیلی فون پر نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے ممتاز بھٹو نے کہا کہ ”پیٹ پالو پارٹی“ پارلیمنٹ کو عدلیہ سے لڑانے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ، پارلیمنٹ اور انتظامیہ جمہوریت کے ستون ہیں، اگر کسی ایک ستون کو بھی آئینی دائرے سے باہر نکالا جائے تو جمہوریت ختم ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا عدلیہ سے تصادم محض اس بات پر ہے کہ آصف زرداری پر رشوت کا مال ہڑپ کرنے کا مقدمہ نہ چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں سندھ سے زرداری ٹولے کا خاتمہ ہو جائے گا۔
”پیٹ پالو پارٹی“ پارلیمنٹ کو عدلیہ سے لڑانے پر تلی ہے: ممتاز بھٹو
Aug 08, 2012