فیصل رضا عابدی، صدر زرداری کے ایماءپر عدلیہ کیخلاف بیانات دے رہے ہیں: صدر ہائیکورٹ بار ملتان

ملتان (سپیشل رپورٹر) صدر ہائیکورٹ بار محمود اشرف خان نے کہا ہے کہ پورے ملک کے وکلا سپریم کورٹ کے تحفظ کیلئے متحد ہیں۔ ایوان صدر سے مسلسل ایسے عناصر کو سامنے لایا جاتا ہے جو سپریم کورٹ کے ججز کی کھلم کھلا توہین کرتے ہیں پھر ڈرامہ کرتے ہوئے ان کے داخلہ پر پابندی کی خبر چلوا دی جاتی ہے۔ پورے ملک کے وکلا فیصل رضا عابدی کے بیانات پر سراپا احتجاج ہیں اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ توہین عدالت بل کو کالعدم قرار دیئے جانے پر آج وکلا ملک بھر میں یوم تشکر منائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمود اشرف نے سینیٹر فیصل رضا عابدی کے اشتعال انگیز بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فیصل رضا عابدی صدر آصف علی زرداری کے فرنٹ مین ہیں اور ان کی ایماءپر ہی عدلیہ کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں۔ وکلا اب فیصل رضا عابدی کو اس کے انجام تک پہنچائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن