”عید“ گھر جانیوالوں کا بس اڈوں پر رش، ٹرینیں گھنٹوں لیٹ، مسافروں کا ہنگامہ

”عید“ گھر جانیوالوں کا بس اڈوں پر رش، ٹرینیں گھنٹوں لیٹ، مسافروں کا ہنگامہ

Aug 08, 2013

لاہور (نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر+ نیٹ نیوز) عید منانے کے لئے گھر جانے والوں کا بس اڈوں، ریلوے سٹیشنوں پر رش بے انتہا بڑھ گیا۔ صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرانسپورٹروں اور ان کے کارندوں نے لوٹ مار شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق بادامی باغ بس سٹینڈ اور بند روڈ کے مختلف کمپنیوں کے بس اڈوں پر لاہور سے آبائی شہروں کو عید منانے کے لئے جانے والوں کا اژدھام نظر آ رہا ہے، اس صورتحال کے پیش نظر اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم اگست کو ہونے والے اضافے کو جواز بناتے ہوئے ٹرانسپورٹروں نے بھی کرایوں میں من مانے اضافے کر دئیے۔ لاہور سے ملتان، ساہیوال، چیچہ وطنی، میاں چنوں، وہاڑی، بورےوالہ، ڈی جی خان، پاکپتن، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، حافظ آباد سمیت مختلف شہروں کا کرایہ 100 سے 300 روپے تک زائد چارج کیا جا رہا ہے، کئی ٹرانسپورٹر تو مسافروں سے فلیٹ کرایہ مانگتے ہیں چاہے لاہور سے ملتان جانے والا مانگا منڈی اتر جائے یا میاں چنوں اسے ساڑھے 7 سو سے ساڑھے 8 سو روپے نارمل اے سی بس کے بھرنے پڑیں گے جبکہ ان گاڑیوں کے اے سی یا تو خراب ہیں یا صحیح کام نہیں کرتے اور رش اور حبس میں مسافر بسوں میں ٹھونس کر لے جائے جا رہے ہیں جبکہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کارروائی کے لئے اڈوں پر میز کرسی ڈالے بیٹھے نظر آتے ہیں مگر مسافروں کے اوور چارجنگ کی شکایت پر ہاتھ کھڑے کر دیتے ہیں۔ دریں اثناءلاہور ریلوے سٹیشن پر راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور کراچی جانے والی ٹرینوں میں مسافروں کا زبردست رش دیکھنے میں آیا۔ ٹرینوں کی لائٹیں اور پنکھے بند ہونے سے شدید گرمی اور حبس میں مسافر خواتین اور بچوں کا برا حال ہو گیا۔ لوگ چھتوں پر چڑھ کر اور دروازوں میںلٹک کر سفر کرتے ہوئے نظر آئے۔ ادھر گذشتہ روز کراچی سے آنے والی عوام ایکسپریس مقررہ وقت سے 14گھنٹے کی غیرمعمولی تاخیر سے لاہور پہنچی۔ علامہ اقبال ایکسپریس ساڑھے 12گھنٹے، کوئٹہ ایکسپریس 9گھنٹے، کراچی ایکسپریس 8گھنٹے، تیز گام اور جعفر ایکسپریس 7گھنٹے جبکہ نائٹ کوچ ساڑھے 7گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچی اور تاخیر سے آمد کے باعث لاہور سے کراچی جانے والی کراچی ایکسپریس 6گھنٹے، قراقرم ایکسپریس 2گھنٹے، نائٹ کوچ 3گھنٹے 45منٹ تاخیر سے روانہ ہوئی۔ علاوہ ازیں علامہ اقبال ایکسپریس کی روانگی میں 3گھنٹے سے زائد تاخیر پر مسافر ریلوے سٹیشن پر انتظامیہ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ انہوں نے سٹیشن ماسٹر اور دیگر دفاتر پر ہلہ بول دیاجس پر سٹیشن ماسٹر اور دیگرعملہ نے دوڑیں لگا دیں اور مسافروں نے ریلوے انتظامیہ کے خلاف سٹیشن مین پورچ سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر شدید احتجاج اور نعرے بازی کی اس دوران مسافروں نے ٹرین ڈسپیچ آفس (ٹی ڈی ) میں بھی داخل ہو نے کی کوشش کی تاہم ایس ایچ او ریلوے عزیز دیگر کانسٹیبلز کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے حالات کوکنٹرول کرنے کے لئے 6 مشتعل مسافروں کو گرفتارکرلیا تاہم سہ پہر ساڑھے تین بجے جب ٹرین روانہ ہوئی تو گرفتار مسافروں کوچھوڑ دیا گیا ۔
عید/ رش

مزیدخبریں