اسلام آباد (محمد ریاض اختر‘ خصوصی رپورٹر) معلوم ہوا ہے کہ قومی سطح پر قدرتی آفات سے نبٹنے اور حادثات و سانحات کے اثرات کم کرنے کے لئے دس سالہ نیشنل ڈیزاسٹر پلان (2023-2013) ءپر عمل دآرمد شروع کر دیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کی طرف سے مرتب کئے گئے اس پلان میں 118 ترجیحی پروگرام (اقدامات) تجویز کئے گئے ہیں۔ جن کی مدد سے ریسکیو‘ ریلیف اور بحالی کی تعمیری سرگرمیاں منظم ا نداز میں چلائی جائیں گی۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ جولائی 2013 ءمیں مون سون کی متوقع طوفانی بارشوں کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے وطن عزیز کے منتخب اضلاع حیدر آباد‘ ٹنڈو محمد خان‘ جیکب آباد‘ کشمور‘ راجن پور‘ رحیم یار خان‘ نارووال‘ چارسدہ‘ نوشہرہ‘ مردان‘ اختر آباد‘ جعفر آباد‘ مظفر آباد اور باغ میں ہنگامی صورتحال سے نبٹنے کے لئے 486 ورکرز اور رضاکاروں کو تربیت دینے کا ہدف مکمل کیا۔ این ڈی ا یم اے کا دس سالہ ڈیزاسٹر پلان تین (1) پری ڈیزاسٹر (2) ڈیزاسٹر (3) اور پوسٹ ڈیزاسٹر پر محیط ہے۔ ابتدائی مرحلے کو تربیت و تیاری‘ دوسرے کو ایمرجنسی‘ ریلیف‘ ریسکیو اور تیسرے مرحلے کو بحالی کے لئے مختص کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مذکورہ ڈیزاسٹر پلان میں عوامی سطح پر شعوری مہم چلانے پر بھی زور دیا ہے۔ تاکہ شدید بارشوں‘ سیلاب ‘ زلزلہ اور دیگر آفات سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں فوری شروع ہو سکیں۔