قومی مینز‘ ویمنز کرکٹ ٹیموں کی شاندار کارکردگی پر کھلاڑیوں کیلئے انعامات کا اعلان

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نگران چیئرمین نجم سیٹھی نے بھی سابقہ چیئرمین چودھری ذکاءاشرف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قومی مینز اور ویمنز ٹیموں کی حالیہ دورہ ویسٹ انڈیز اور آئر لینڈ و انگلینڈ میں عمدہ پرفارمنس پر کھلاڑیوں کے لئے کیش انعامات کا اعلان کیا ہے۔ مصباح الحق، شاہد آفریدی اور عمر اکمل بہترین کارکردگی پر خصوصی انعام کے حقدار قرار پائے۔ پی سی بی کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے والی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو دو دو لاکھ اور آفیشلز کو ایک ایک لاکھ روپے جبکہ ون ڈے سیریزکے بہترین کھلاڑی مصباح الحق، بہترین باﺅلر شاہد آفریدی اور بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے عمر اکمل کو چار چار لاکھ روپے کے خصوصی انعام سے نوازا گیا۔ ذوالفقار بابر ٹی ٹونٹی سیریز کے بہترین باﺅلر کا اعزاز حاصل کرنے پر چار لاکھ روپے کے حقدار قرار پائے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم نے ون ڈے سیریز میں تین ایک اور ٹی ٹونٹی سیریز میں دو صفر سے کامیابی حاصل کی تھی۔ خواتین ٹیم کی کھلاڑیوں کو آئرلینڈ اور ورلڈ کپ کوالیفائینگ راﺅنڈ میں کامیابی پر ایک ایک لاکھ اور آفیشلز کو پچاس پچاس ہزار روپے انعام سے نوازا گیا ہے۔ نگران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ٹیموں کی شاندار کارکردگی پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ضروری ہے تاکہ مستقبل میں بھی وہ ملک و قوم کے لئے اچھے نتائج حاصل کریں۔ 

ای پیپر دی نیشن