اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ثناء نیوز) وفاقی وزراء نے کہا ہے کہ حکومت متنازعہ 8 حلقوں میں ووٹوں کے آڈٹ اور وزیراعظم معاملات سلجھانے کیلئے عمران خان سے ملنے کو تیار ہیں۔ ثناء نیوز کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے کہا حکومت متنازع 8 حلقوں میں ووٹوں کے آڈٹ کیلئے تیار ہے، ان میں پی ٹی آئی کے 4 اور مسلم لیگ ن کے 4 حلقے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف پرسکون ہیں انہیں کوئی مسئلہ نہیں۔ ہر کوئی جمہوریت کو چلتا دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا انتخابات میں مخصوص صوبوں میں ہماری سیٹیں دوسروں کو دی گئیں اگلے انتخابات میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی آر اوز کیخلاف شکایات رہیں تو الیکشن کمیشن کارروائی کرے گا۔ پاک فوج کے ساتھ کوئی دوریاں نہیں۔ 14 اگست کو پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دیں گے۔ اس سوال پر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج تحریک انصاف کا جمہوری حق ہے، وعدہ نہیں کرسکتا تاہم پر امن چیزوں میں کوئی مسئلہ نہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا وزیراعظم معاملات سلجھانے کیلئے عمران خان سے ملنے کو تیار ہیں۔ پاکستان کی ترقی کیلئے ضروری ہے تمام جماعتیں ملکر آگے بڑھیں، وزیراعظم معالات کو سڑکوں کی بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں جبکہ ترجمان تحریک انصاف شیریں مزاری نے کہا ہے 8 یا 10 حلقوں کا نہیں پورے انتخابات کا احتساب چاہتے ہیں۔ 14 اگست کو مطالبات منوا کر ہی اٹھیں گے۔ اسلام آباد پہنچنے سے نہیں روکا جا سکتا۔
وفاقی وزرا
8 حلقوں کا آڈٹ کرانے، وزیراعظم عمران سے ملنے پر تیار ہیں: وفاقی وزراء
Aug 08, 2014