کراچی (کرائم رپورٹر)کراچی میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں پولیس کانسٹیبل اور خاتون سمیت 8 افراد ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے پولیس کانسٹیبل سالہ سجاد ڈیوٹی پر جانے کیلئے گھر سے نکل رہا تھا کہ گولی مار دی گئی۔ ماڈل کالونی نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر 56سالہ فہمیدہ گردن پر تیز دھار آلے کے وار کرکے ہلاک کردیا۔ نارتھ کراچی میں ایک فلیٹ سے احتشام نامی شخص کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی جبکہ نیشنل ہائی وے پر لنک روڈ کے قریب سے بھی ایک 40سالہ شخص کی لاش ملی۔ زولوجیکل گارڈن (چڑیا گھر) کے نزدیک موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ایک دوسری موٹر سائیکل پر جانے والے دو افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں جاںبحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دونوں ہلاک شدگان کی شناخت 56سالہ عارف صدیق اور 50سالہ رفیق ہوتی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ رفیق ہوتی کا تعلق تحریک انصاف سے تھا۔ وقت نیوز کے مطابق لیاری میں پولیس مقابلے میں دو ملزم ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ملزمان کا تعلق لیاری گینگ سے تھا۔ رضویہ کے علاقے میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا جسے گرفتار کرلیا گیا۔ لیاری کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کا مڈ نائٹ آپریشن مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت گینگ وار کے چھ ملزمان گرفتار اور بھاری اسلحہ برآمد جبکہ گینگ وار کے دو اہم ملزمان زاہد لاڈلا اور شیراز ذکری گھیرا توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ گلشن اقبال سے مسلح افراد نے انڈس موٹر کمپنی کے افسر مشہود واصف کو کار سمیت اغواء کر لیا۔
کراچی: تحریک انصاف کا کارکن قتل، پولیس مقابلہ‘ کانسٹیبل سمیت 8 ہلاک
Aug 08, 2014