لاہور (خصوصی نامہ نگار + نیوز ایجنسیاں) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی موجودہ حالات میں ملکی صورتحال سے بخوبی آگاہ ہے اور مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کررہی ہے۔ جماعت اسلامی کی قیادت نے وزیراعظم میاں نوازشریف، عمران خان، اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ اور محمود خان اچکزئی سے ملاقاتیں کی ہیں۔ پہلے بھی حکومت نے اس حوالے سے تاخیر سے کام لیا اور اب مزید تاخیر کے لیے وقت نہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ فی الفور متعلقہ حلقوں میں دوبارہ گنتی کا انتظام کرے، عمران خان کے مطالبات تسلیم کرکے حکومت مثبت پیغام دے سکتی ہے۔سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل کمیشن تشکیل دے کر 2013ء کے انتخابات کا جائزہ لیا جائے اور حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔ جمہوری قوتیں پاکستان میں آئین، جمہوری اقدار کی حفاظت کے لئے مثبت کردار ادا کررہی ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کا نفر نس سے خطاب کر تے ہو ئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی نے اہل فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف 17اگست کو ملک بھر میں یو م فلسطین منا نے کا اعلان کیا ہے اس سلسلے میں وزیر اعظم میاں محمد نوازشر یف سے بھی بات کی گئی ہے جس کا انہوں نے مثبت جو اب دیا ہے۔ جماعت اسلامی کے تحت 10 اگست کو اسلام آباد میں فیض آباد تا خیبر پلا زہ تک ’’لبیک قبلہ اوّل ریلی‘‘ منعقد کی جا رہی ہے، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کریں گے۔ اسی طرح 12 اگست کو کراچی میں مزارِ قائد پر سکولوں کے ایک لاکھ بچوں کا مظاہرہ ہوگا جبکہ17 اگست کو ہی کراچی میں لبیک غزہ ملین مارچ ہوگاجبکہ ملی یکجہتی کونسل کا بھی اجلاس طلب کیا ہے تاکہ 17 اگست کے حوالے سے اپنے پروگرام کو ترتیب دیا جاسکے۔
انتخابات کا جائزہ لینے کیلئے سپریم کورٹ کے ججز کا کمشن بنایا جائے: لیاقت بلوچ
Aug 08, 2014