5 سالہ بچی سے زیادتی، اتنا ظلم ہوا پولیس کی کارکردگی صفر ہے: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ کے مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار نے پانچ سالہ بچی ننھی پری زیادتی کیس میں ملزم کی گرفتاری نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ پولیس کی کارکردگی پر افسوس ہے۔ سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار اور مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت شروع کی تو ڈی آئی جی انوسٹی گیشن اور ایس پی سی آئی اے عمر ورک نے تفتیش سے متعلق رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ ننھی پری زیادتی کیس میں 500 افراد کو شامل تفتیش کیا اور شواہد نہ ملنے پر انہیں رہا کردیا گیا جبکہ فرانزک رپورٹ میں بھی ملزم کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ البتہ اب بھی ملزم کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ پولیس کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہئے اتنا ظلم ہوا لیکن پولیس کارکردگی صفر ہے۔ عدالت نے پولیس افسران کو ملزم کی گرفتاری کے لئے مزید مہلت دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

ای پیپر دی نیشن