ملک اور جمہوری نظام نام نہاد آزادی انقلاب مارچ کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے: سعد رفیق

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ایجنسیاں) وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان منتخب جمہوری لیڈر ہیں ان سے سیاسی طور پر ہی نمٹا جائے گا۔ وہ جمہوری لیڈر کی طرح طرزعمل اپنائیں۔ عمران خان ریٹائرڈ سازشیوں سے بچیں اور خود کو بند گلی میں نہ لے کر جائیں۔ وہ دبئی سے اعلیٰ ملازمت چھوڑ کر آنے والے سازشیوں کے ہمراہ ریٹائرڈ سنیٹر کے گھر میں اڑھائی اڑھائی گھنٹے حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف رہے ہیں انہیں یہ بات پیش نظر رکھنی چاہیے کہ اگر اسلام آباد میں دھرنا دینگے تو جڑواں شہروں کے باسیوں کی زندگی اجیرن ہو جائے گی۔ اسلام آباد کو نام نہاد انقلابیوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی کوئی جماعت مڈٹرم اور استعفے کا مطالبہ نہیں کر رہی۔ عمران خان اور طاہرالقادری پرامن رہنے کی گارنٹی دیں تو اسلام آباد میں احتجاج کی اجازت دے سکتے ہیں۔ موجودہ سیاسی بحران میں آئی ایس آئی کو نہ گھسیٹا جائے۔ عمران کی صرف 27 سیٹیں ہیں جس پر نظام کا خاتمہ نہیں کیا جا سکتا۔ ایک شخص کی خواہش پر نظام ختم نہیں کر سکتے۔ حکومت آزادی مارچ اور نام نہاد انقلاب مارچ سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ طاہرالقادری جس طرح کے وہ اشتعال انگیز بیانات دیتے ہیں ان سے تصادم کا خطرہ ہے۔ ملک کی تقدیر کا فیصلہ صرف خیبر پی کے اور پنجاب کی عوام نہیں کرتے بلکہ ملک میں چار صوبے ہیں۔ اسلام آباد آنے والوں کو آئین وقانون میں رہنے کی گارنٹی دینا ہو گی۔ پاکستان اور جمہوری نظام کو آزادی اور نام نہاد انقلاب مارچ کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔

ای پیپر دی نیشن