لیبیا میں پھنسے 3500 پاکستانیوں کی واپسی کیلئے چارٹرڈ طیارے حاصل کئے جائیں: وزیراعظم

Aug 08, 2014

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے چینی حکومت کی طرف سے 10 ہزار 400 میگاواٹ کے 14 بجلی منصوبوں کی منظوری ملنے پر انرجی اور معاشی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ یہ منصوبے ترجیحی بنیاد پر مکمل ہوں گے۔ ان میں 1320 میگا واٹ پورٹ قاسم 870 میگا واٹ سوکی کناری(پن بجلی)، ساہیوال 1320 میگا واٹ، اینگرو تھر 660 میگا واٹ، مظفر گڑھ 1320 میگا واٹ، گوادر  300 میگا واٹ، قائداعظم سولر پارک ایک ہزار میگا واٹ، دائود ونڈ پاور 50میگا واٹ، سچل ونڈ پاور 50میگا واٹ، سنک ونڈ پاور 50 میگا واٹ سدر رحیم یار خان 1320 میگا واٹ کے منصوبہ شامل ہیں۔ ان منصوبوں پر فوری کام شروع ہو گا۔ انہیں  2017-18ء میں مکمل کر لیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں 6445 میگا واٹ کے منصوبے مکمل ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چینی حکومت کی طرف سے یہ منظوری دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کی مظہر ہے۔ اس سے حکومت کی پالیسیوں پر بین الاقوامی برادری کے اعتماد کا بھی اظہار ہوتا ہے۔ پاکستان نے کچھ عرصہ قبل چین کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کئے تھے۔ اب عملاً منصوبے شروع ہو رہے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ بے روزگاری اور بجلی کی قلت ختم ہو اور خوشحالی آئے۔ ہم راستے پر گامزن رہیں گے۔ واضح رہے کہ چین نے پاکستان میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے 4برسوں میں یہ 14 بجلی گھروں کی ترجیحی بنیاد پر تعمیر میں مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف سے ترکمانستان کے نائب وزیراعظم راشد مریدوف نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ امن اور ترقی ہماری خارجہ پالیسی کی اہم ترجیح ہے۔ ترکمانستان سے تعلقات مضبوط اقتصادی شراکت میں بدلنا چاہتے ہیں۔ تاپی گیس منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے پرعزم ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو لیبیا میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے کے لئے خصوصی پروازیں چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں لیبیا میں موجود پاکستانیوں کے معاملے پر سخت تشویش ہے۔ دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ حکومت لیبیا کی صورت حال اور وہاں موجود پاکستانیوں کے بارے میں فکر مند ہے جبکہ وہاں پھنسے ہم وطنوں کو واپس لانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو لیبیا میں پھنسے ہوئے پاکستانی شہریوں کو واپس لانے کے لئے خصوصی پروازیں چلانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم کی صدارت میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں لیبیا میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے مختلف حلقوں کے طرف سے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ لیبیا میں صورتحال خراب ہوتی جا رہی ہے اور پاکستانیوں کو نکالنے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی چارٹرڈ طیارے حاصل کئے جائیں۔ پاکستانیوں کو نکالا جائے۔ وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو ہدایت کہ تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔

مزیدخبریں