نیویارک (نمائندہ خصوصی) معمار نوائے وقت مجید نظامی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے نیویارک میں پاکستان مسلم لیگ ن کے دفتر میں خصوصی تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ نوائے وقت کی کالم نگار طیبہ ضیا کی طرف سے منعقد کئے جانے والے تعزیتی اجلاس میں شرکا نے مجید نظامی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا مجید نظامی نے ساری زندگی پاکستان اور اس کے نظریہ کیلئے جنگ لڑی۔ تعزیتی اجلاس میں نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل راجہ علی اعجاز، پاکستان مسلم لیگ ن امریکہ کے صدر روحیل ڈار، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اخوت محمد امجد ثاقب اور امریکہ میں موجود پاکستانی صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تعزیتی اجلاس کے آغاز میں طیبہ ضیا نے کہا مجید نظامی کے صحافتی اصول پاکستانی میڈیا کیلئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا میں نے دوسرے بہت سے لوگوں کی طرح مجید نظامی سے لکھنے کا فن سیکھا اور ان کی کمی کو پورا کرنا ناممکن ہے۔ قونصل جنرل راجہ علی اعجاز نے کہا مجید نظامی کا انتقال ملک کیلئے بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے مجید نظامی کے خاندان اور نوائے وقت گروپ میں کام کرنے والوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اجلاس میں شریک صحافیوں نے مجید نظامی کی خوبیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف ایک ایڈیٹر ہی نہیں تھے بلکہ وہ ایک ادارہ تھے۔ انہوں نے کہا مجید نظامی محب وطن تھے اور وہ مسئلہ کشمیر، ایٹمی پروگرام اور دوقومی نظریہ کے حوالے سے مضبوط خیالات کے مالک تھے۔ یہ بھی کہا گیا کہ وہ جمہوریت کے بڑے حامی تھے۔ آخر میں مجید نظامی کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔
نیویارک میں مجید نظامی کیلئے تعزیتی اجلاس، خراج عقیدت پیش کیا گیا
Aug 08, 2014