غزہ (اے ایف پی+اے این این) غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے میں مکان میں پْراسرار بم دھماکے میں 4فلسطینی جاں بحق اور 30زخمی ہوگئے ہیں۔ غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز بم دھماکا سرحدی قصبے رفاہ کے نزدیک واقع الشابورہ مہاجر کیمپ میں ایک مکان میں ہوا ہے۔ انہوں نے واقعے میں چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ چار زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ غزہ کی پٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ بم دھماکے کا سبب معلوم کرنے کیلئے تحقیقات کر رہے ہیں۔ حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز نے ایک بیان میں حادثاتی بم دھماکے میں اپنے ایک رکن عبدالرحمان ابو نقیرہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء حماس کے سینئر عہدیدار محمود الزہار نے کہا ہے کہ فلسطینی آبادی پر عائد محاصرہ قائم رہنے کی صورت میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدہ قائم نہیں رہے گا۔ انہوں نے یہ بیان تحریک آزادی فلسطین حماس کی مسلح ونگ القسام بریگیڈز کے سمر ٹریننگ کیمپس سے پاس ہونیوالے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔حماس رہنما نے اپنی تقریر میں زور دیا کہ قابض حکام کے ساتھ موجود اس نازک جنگ بندی کو مضبوط کرنے کا یہی طریقہ ہے کہ غزہ پر مسلط محاصرہ ختم کردیا جائے۔ انہوں نے قابض اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی پر الزام لگایا کہ وہ دونوں مل کر جنگ کے شکار غزہ کی تعمیر نو کے منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ بن گئے ہیں۔ ادھر برطانیہ میں قائم عرب تنظیم برائے انسانی حقوق نے انکشاف کیا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے 2015 کے شروع سے اب تک 27 فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں 15افراد کو یہودی آبادکاروں اور فوجیوں پر حملے کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ ادھر انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والے ورکرز کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جیل نفحہ میں قید 120 فلسطینی اسیران نے اسرائیلی حکام کی جانب سے جیل کے سیکشن 10 میں واپسی کی اجازت نہ دینے پر بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔
غزہ : مہاجر کیمپ میں بم دھماکہ،4 فلسطینی شہید30 زخمی
Aug 08, 2015