راولپنڈی/ مانسہرہ/ مریدکے (صباح نیوز + نامہ نگار) مانسہرہ میں پاک فوج کے ایم آئی 17ہیلی کاپٹر حادثے میں 12 شہدا ءکی میتیں راولپنڈی منتقل کر دی گئیں، شناخت کے بعد جسد خاکی ورثا کے حوالے کئے جائیں گے۔ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد پاک فوج کا آپریشن مکمل کر لیا گیا، آپریشن کے دوران امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہدا کے جسد خاکی کو پہلے ایبٹ آباد اور پھر راولپنڈی منتقل کیا گیا۔ نعشیں ڈی این اے ٹیسٹ سے شناخت کے بعد ورثاءکے حوالے کی جائیں گی، جس کے بعد فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ گزشتہ روز پاک فوج کا ایم آئی 17ہیلی کاپٹر میڈیکل کور کی ٹیم کو لے کر راولپنڈی سے گلگت جا رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہو گیا جس میں 5 میجر، 7 اہلکار شہید ہو گئے تھے۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق وفاقی وزیر دفاعی پیداوار و سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثہ فنی خرابی کے باعث ہوا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہم نے جمہوریت کی مضبوطی کی خاطر پی ٹی آئی کو ڈی سیٹ نہیں ہونے دیا۔ کراچی آپریشن صرف دہشت گردی کے خلاف ہے۔ افغان حکومت اور طالبان کے مذاکرات ملا عمر کے انتقال کے باعث مو¿خر ہوئے‘ سلسلہ جلد دوبارہ شروع ہو گا۔