کراچی آپریشن غیر سیاسی ہر دبائو سے آزاد ہے: جنرل نوید‘ آج کا بلوچستان بدل چکا: جنرل ناصر

کراچی (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ)کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن مکمل طور پر غیرسیاسی، بلاامتیاز اور ہر طرح کی مصلحت اور دباؤ سے آزاد ہے۔ کراچی آپریشن کا نشانہ دہشت گرد، ان کے معاونین، سہولت کار اور مالی مددگار ہیں اور ان اہداف کے حصول کیلئے ہم کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ پُرامن کراچی مضبوط پاکستان کی علامت ہے۔ ہمیں اُس کی راہ میں حائل ہر رکاوٹ کو عبور کرنا ہے۔ وہ ٹول پلازہ پر واقع پاکستان رینجرز سندھ کے سکول اور ٹریننگ سینٹر میں پاکستان رینجرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 1030جوان پاس آؤٹ ہوکر رینجرز کا باقاعدہ حصہ بن گئے۔ اس موقع پر پاکستان رینجرز سندھ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بلال اکبر اور رینجرز کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ کورکمانڈر کراچی نے کہا کہ پاکستان رینجرز سندھ ایک قابل ستائش ادارہ ہے اس کی کامیابی کا سہرا اعلیٰ قیادت اور عمدہ ٹریننگ کے سر ہے۔ کراچی آپریشن میں رینجرز کی عمدہ کارکردگی اس بات کامنہ بولتا ثبوت ہے کہ پاکستان رینجرز سندھ سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف ہراول دستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ وارانہ کوششوں سے کراچی کے حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں اور عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ ہم عوام اور سکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ کورکمانڈر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی ہماری آخری کاوش اور منزل نہیں ہے بلکہ دہشت گردی کے اختتام کا آغاز ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا کہ اس جنگ کی کامیابی کا اہم ستون عوام کی حمایت ہے اور یہ جنگ ہم نے مل کر لڑنی ہے۔کورکمانڈر نے شہریوں سے اپیل کی کہ یہ ہماری معاشرتی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے اردگرد ہونے والے حالات و واقعات پر نظر رکھیں اور کسی بھی قسم کی غیر معمولی سرگرمی کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں ۔ اس موقع پر کورکمانڈر کراچی نے نئے پاس آؤٹ ہونیوالے جوانوں کو مبارکباد دی۔ اے این این کے مطابق جنرل نوید مختار نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن غیرسیاسی بلاامتیاز اور ہر طرح کی مصلحت اور دبائو سے آزاد ہے۔ دہشت گردوں، ان کے معاونین اور سہولت کاروں سے رعایت نہیں برتی جائے گی، رینجرز سرحدوں کے تحفظ کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف بھی ہر اول دستہ ہے۔
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان میں یوم آزادی کی 7روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا اس حوالے سے ایوب سٹیڈیم میں تقریب کا انعقاد ہوا۔ وزیراعلیٰ عبدالمالک بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی مقابلوں میں عوام کی شرکت سے خوشی ہوئی، خوشحال، ترقی یافتہ اور پُرامن بلوچستان ہمارا خواب ہے، ناراض لوگوں کو قومی دھارے میں لا رہے ہیں، اختلافات کرنے والے آئین میں رہتے ہوئے مذاکرات کریں، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کے عوام ترقی اور امن چاہتے ہیں۔ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں اور ترقی پسند سوچ کے حامل ہیں آج کا بلوچستان بدل چکا ہے، لوگوں کے جذبات دیکھ کر کوئی بھی ہمارے ملک کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ طلبہ نے طویل قومی پرچم بناکر ملک کا نام روشن کیا یہ قومی پرچم ہماری حرمت ہے اس کیلئے جان بھی قربان ہے۔ این این آئی کے مطابق صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی حاجی عبدالسلام بلوچ پر پنجگور سے کوئٹہ آتے ہوئے ان کے قافلے پر جو حملہ کیا گیا تھا ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں یہ حملہ پاکستان کے روایت کے خلاف ہم ایسے حملوں سے ڈرنے والے نہیں، شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ایسا حملوں سے ہمیں اپنے مقاصد سے نہیں ہٹایا جا سکتا۔

ای پیپر دی نیشن