آزادکشمیرکابینہ کا پہلا باضابطہ اجلاس: کرپشن کیخلاف بڑے کریک ڈائون کا اعلان

Aug 08, 2016

مظفرآباد( اے این این )آزادکشمیر میں مسلم لیگ (ن)کی نومنتخب حکومت نے تحریک آزادی کشمیر کو اولین ترجیح جبکہ آزادکشمیر کو سوشل ویلفیئر اسٹیٹ بنانے، مالیاتی و انتظامی ڈسپلن پر سختی سے عملدر آمد، ریاستی وسائل میں اضافے اور انتطامی اخراجات کو انتہائی کم سطح پر لانے، قانون، آئین اور میرٹ کی بالادستی، تعلیم، صحت اور ذرائع رسل و رسائل کے شعبوں کی ترقی، آزادکشمیر میں سرکاری، مالیاتی اور انتظامی کرپشن کے خلاف بڑا کریک ڈائون کرنے، جدید تقاضوں کے مطابق بہتر منصوبہ بندی کر کے وسائل کا بہتر استعمال، سرکاری اداروں میں سیاسی مداخلت روکنے، قانون و آئین کی پاسداری کرنے والے سرکاری ملازمین کو تحفظ اور کرپشن کا آلہ کاربننے والے ملازمین کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کو اپنی ترجیحات قرار دیتے ہوئے فوری طور پر وزراء اور سرکاری ملازمین کا غیر ضروری پروٹوکول اور سٹاف ختم کرنے، قانون و میرٹ سے ہٹ کر کی گئی تقرریوں کی چھان بین کے بعد منسوخی اور ذمہ دار افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار آزاد جموں وکشمیر کابینہ کے پہلے باقاعدہ اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اپنے خطاب میں کیا۔ کابینہ کے اجلاس کی صدارت وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ہماری اولین ترجیح ہے، آزادکشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے ہم اس کو تحریک آزادی کا صحیح معنوں میں بیس کیمپ بنانا چاہتے ہیں اور تحریک آزادی کشمیر میں آزاد حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت، راہنمائی اور ویژن کے مطابق آزادکشمیر کو سوشل ویلفیئر اسٹیٹ بنائیں گے۔

مزیدخبریں