فن کاروں کا جشن آزادی

سیف اللہ سپرا
پاکستانی قوم کے لئے 14 اگست کا دن بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ اس دن 1947ءمیں برصغیر کے مسلمانوں نے انگریز سامراج اور ہندو بنیے سے آزادی حاصل کی تھی لہٰذا یہ دن پوری پاکستانی قوم ہر سال بڑے اہتمام کے ساتھ مناتی ہے۔ اس برس چونکہ پاکستان پورے 70 برس کا ہو گیا ہے اس لئے اس سال یہ دن وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ہدایت پر خصوصی اہتمام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ زندگی کے دوسرے شعبوں کی طرح ثقافتی حلقوں میں بھی پاکستان کا 70 سالہ جشن آزادی بڑی دھوم دھام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ لاہور پاکستان کا ثقافتی مرکز ہے لہٰذا اس ثقافتی مرکز میں جشن آزادی کی تقریبات بھی شایان شان طریقے سے منعقد کی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے لاہور کے تین بڑے ثقافتی مراکز الحمرا آرٹس کونسل‘ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج آرٹ اینڈ کلچر اور والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے خصوصی پروگرام ترتیب دیئے ہیں۔ اس کے علاوہ لاہور کے فن کار جشن آزادی کی مناسبت سے لباس پہن کر مختلف تقریبات میں شرکت کر رہے ہیں۔ یہ معلوم کرنے کے لئے کہ لاہور کے مذکورہ تینوں ثقافتی مراکز اور فن کار کس انداز میں 70 سالہ جشن آزادی منا رہے ہیں۔ تینوں ثقافتی مراکز کے سربراہوں اور معروف فن کاروں کے ساتھ گفتگو کی گئی جس کے منتخب حصے قارئین کی دلچسپی کے لئے پیش کئے جا رہے ہیں:
لاہورآرٹس کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپٹن (ر) عطاءمحمد خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر اس مرتبہ بھی یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے پروگرامز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے 8 اگست کو الحمراءمیں ”پاکستان کا مستقبل“ کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد کیا جائے گا جس میں معروف ادیب اور دانشور امجد اسلام امجد، اصغر ندیم سید، ڈاکٹر رفیق احمد اور خورشید احمد تحریک آزادی اور استحکام پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرینگے ۔11 اگست کو ”کلرز آف پاکستان“ کے عنوان سے مصوری کی نمائش ہو گی۔ 12 اگست کو گرینڈ میوزک شو پیش کیا جائے گا جس میں حمیرا ارشد اور جواد احمدسمیت نامور فنکار اور گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کرینگے۔ 13 اگست کو قومی مشاعرہ منعقد کیا جائے گا 14 اگست کو مقابلہ مصوری اور لوک رقص پیش کیا جائے گا، اسی صبح پرچم کشائی کی تقریب کے بعد آزادی واک بھی ہو گی۔ 14,13 اگست کو الحمراءاور کلچرل کمپلیکس کی عمارتوں پر چراغاں بھی کیا جائے گا۔
والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے پاکستان کے 70 سالہ جشن آزادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست کا دن پوری پاکستانی قوم کے لئے بہت اہم ہے اور یہ دن ہم ہر سال جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ اس مرتبہ چونکہ پاکستان کی آزادی کو 70 سال پورے ہو گئے ہیں اس لئے یہ دن حکومت پنجاب کی ہدایت پر زندگی کے دوسرے شعبوں اور محکموں کی طرف والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی بھی خصوصی اہتمام کے ساتھ منا رہی ہے۔ اس موقع پر والڈ سٹی کے اندر سڑکوں‘ گلیوں کے علاوہ لوہاری‘ بھاٹی‘ کشمیری‘ شیرانوالہ اور دیگر دروازوں کو قومی پرچموں کے اور بجلی کے قمقموں سے سجا یا جائے گا۔ 12 اگست سے 14 اگست تک چوک وزیر خان میں ایک سٹیج بنایا جائے گا جس پر مقامی سکولوں کے بچے اور ملک کے معروف فنکار ٹیبلو اور قومی نغمے پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ بھی والڈ سٹی کے اندر مختلف مقامات پر جشن آزادی کے حوالے سے تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج، آرٹ اینڈ کلچر (پِلاک) کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر صغریٰ صدف نے کہا کہ ہمارے ادارے نے جشن آزادی کی تقریبات کا سلسلہ 3 اگست سے شروع کر دیا ہے۔ پہلے روز پنجابی بیٹھک کا اہتمام کیا گیا۔ یہ بیٹھک تین سیشن پر مشتمل تھی جس کے پہلے سیشن میں 70 سالہ جشن آزادی میلہ کے حوالے سے نظم پروین سجل، غزل ڈاکٹر اختر شمار اور پنجابی کہانی ”فیصلہ“ میں نے پڑھی ۔ اس کے بعد دوسرے سیشن میں ملی نغمے پیش کئے گئے ۔ آخری سیشن میں جشن آزادی مشاعرہ کیا گیا ۔
معروف اداکارہ نیلم منیر نے پاکستان کے 70 سالہ جشن آزادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ میرا جشن آزادی پہلے سے مختلف ہو گا کیونکہ اس جشن آزادی پر میں لاہور میں ہوں گی اور لاہور چونکہ ایک تاریخی شہر ہے اور اسی شہر میں قرارداد پاکستان بھی منظور ہوئی۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ میں اس مرتبہ جشن آزادی لاہور میں منا رہی ہوں۔
معروف گلوکارہ شاہدہ منی نے جشن آزادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست 1947ءکا دن ہمارے لئے بہت اہم ہے۔ اس دن قائداعظم کی سربراہی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے الگ وطن حاصل کیا لہٰذا یہ دن ہمارے لئے بہت بڑی خوشی کا دن ہے۔ اسے شایان شان طریقے سے منانا چاہئے ۔
معروف گلوکار اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ابرارالحق نے کہا ہے کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ پاکستان 70 برس کا ہو گیا ہے لیکن افسوس کہ ہم ان 70 برسوں میں کچھ بھی سیکھ نہیں سکے۔ آج بھی لوگ ایک دوسرے کے ساتھ دست و گریباں ہیں۔ ملک کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے جن کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
معروف گلوکار عدیل برکی نے پاکستان کے 70 جشن آزادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی منانے کا جو مزا پاکستان میں آتا ہے وہ باہر نہیں۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ میں جشن آزادی اپنے ملک میں ہی منا¶ں۔
معروف اداکارہ میگھا نے کہا ہے کہ میں نے جشن آزادی کی مناسبت سے ملبوسات تیار کرائے ہیں اور یکم اگست سے 14 اگست تک یہ خصوصی ملبوسات زیب تن کر کے تقریبات میں شرکت کر رہی ہوں۔
معروف اداکارہ ماہ نور نے پاکستان کے 70 ویں جشن آزادی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے ہمیں آزاد وطن دیا ہے۔ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ہندو جو سلوک کر رہے ہیں وہ قابل مذمت ہے۔ شکر ہے کہ ہم ہندو¶ں سے الگ ہو گئے۔

ای پیپر دی نیشن