اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے کہا ہے کہ ریحام خان کسی بھی قسم کی الزام تراشی سے قبل چند سوالوں کے جواب دیں، مراد سعید نے ریحام خان سے سوال کیا کہ قرآن پر ہاتھ رکھ کر بتائیں سرینا ہوٹل میں کس کس سے ملاقاتیں کرتی رہیں؟، دورہ سوات کے دوران آپ کے زیر استعمال گاڑی کس کی تھی؟، کیا ایک سیاسی جماعت کے رہنما کے گھر آپ کیلئے ضیافتوں کا اہتمام نہیں کیا گیا، کس سیاسی رہنما کے ذاتی معاون کی آپ کو خدمات حاصل رہیں؟، کیا اب بھی آپ امیر مقام اور نون لیگ سے اپنے تعلق اور رابطوں کو جھٹلائیں گی؟، اپنے ویڈیو پیغام میں مراد سعید نے ریحام خان سے پوچھا کیا اس کے بعد بھی اپنے سیاسی عزائم اور الزامات کے پیچھے کارفرما سازش سے انکار کریں گی؟۔ مراد سعید کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں غلاظت کا کھیل کھیلا جا رہا ہے، سیاست سے اسی غلاظت کے خاتمے کیلئے عمران خان پڑھے لکھے نوجوان کو سیاست میں لائے۔ انہوں نے کہا رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کے بعد نواز شریف نے الزام تراشی کی شرمناک مہم شروع کی، نااہل قرار دیے جانے کے بعد عمران خان کی کردار کشی کی مہم شروع کی جاتی ہے۔ مراد سعید نے کہا ریحام خان کی جانب سے قرآن ہاتھ میں اٹھا کر الزام تراشی کردار کشی کی نئی کوشش ہے۔
ریحام خان قرآن پر ہاتھ رکھ کر بتائیں سرینا ہوٹل میں کس کس سے ملاقاتیں کیں؟: مراد سعید
Aug 08, 2017