تہران (آئی این پی) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کیساتھ ہر سطح پر تعلقات میں اضافے کا خواہاں ہے ، ایران پاکستان کے تحفظ کا اپنے ملک کی طرح ہی احترام کرتا ہے، پڑوسیوں سے قریبی تعلقات ایرانی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیح ہے ، ایران نے ہمیشہ پاکستانی بھائیوں اور دوستوں کا ساتھ دیا ہے ۔ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کی جس میں پاک ایران تعلقات اور خطے کی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر رضا ربانی نے کہاکہ پاکستان ایران کے ساتھ وسیع تر اقتصادی روابط اور قریبی پارلیمانی تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے کشمیر پر ایران کے اصولی موقف پر اس کا شکریہ ادا کیا۔رضا ربانی نے ایرانی صدر کو کشمیری عوام کی حالت زار کے بارے میں بتایا جنہیں مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کے ہاتھوں بدترین ظلم وتشدد کا سامنا ہے۔صدر روحانی نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہوں گے۔
ایران پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعلقات میں اضافہ کا خواہاں ہے: حسن روحانی
Aug 08, 2017