کراچی(کرائم رپورٹر+ آئی این پی+این این آئی ) کراچی کے علاقے مچھرکالونی میں سی ٹی ڈی نے مبینہ پولیس مقابلے میں کالعدم تنطیم کے 3دہشت گرد ہلاک اور 4کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے آئی ای ڈیز اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا ۔ دریں اثناءمختلف کارروائیوں کے دوران سیاسی جماعت کے 3 ٹارگٹ کلرز سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں کارروائی کی جس میں دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم جوابی کارروائی کے نتیجے میں 3 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ سی ٹی ڈی نے ان کے 4 ساتھیوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کی لاشوں کو شناخت کے لئے سردخانے منتقل کر دیا گیا۔ایس ایس پی عمر شاہد حامد کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بم، آئی ڈیز اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا جب کہ مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے،ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا جاتا ہے۔ادھر سی ٹی ڈی پولیس نے گلشن ا قبال 2میں کارروائی کے دوران سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے دو افرادکو حراست میں لےکر تفتیش شروع کردی۔اس ضمن میں ایس پی ایسٹ عرفان بلوچ نے کہاکہ گلستان جوہر بلاک 17 سے ایم کیوایم لندن کے بھتہ خور اسد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزم عبدالخالق کو بھی اسلحے سمیت گرفتار کرلیا گیا۔کراچی کے علاقے اتحاد ٹاﺅن میں پولیس نے کارروائی کرکے ٹارگٹ کلر کلیم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ٹارگٹ کلر کا تعلق سیاسی جماعت کے عسکری ونگ سے ہے۔ملزم اورنگی ٹاﺅن میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ہے، پولیس نے ملزم سے دستی بم،رائفل اور ٹی ٹی پستول برآمد کرلیا۔دوسری جانب فیرئیرکے علاقے سے ڈکیتی کے مقدمے میں نامزد ملزم فراز عرف فیضی کوگرفتار کرلیا گیا۔ایس پی گلبرگ بشیر بروہی کے مطابق حیدری سٹاپ سے سٹریٹ کرمنل کو اسلحے،لوٹے گئے سامان اور چھینی گئی موٹرسائیکل سمیت گرفتار کرلیا ۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 3 جبکہ 3 نوجوان پراسرار طور پر ہلاک ہو گئے اور ایک شخص زخمی بھی ہوا۔ تفصیلات کے مطابق نیو کراچی میں بارہ دری کے قریب مسلح افراد نے 45 سالہ ریاض احمد ولد ارشاد احمد کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور فرار ہو گئے۔ بفرزون میں 35 سالہ شخص کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا جبکہ میمن گوٹھ ملیر میں جھاڑیوں سے ایک شخص کی لاش ملی جسے فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا تھا پولیس کے مطابق مقتول نوجوان کی شناخت عبدالرحمان کے نام سے ہوئی جس کی عمر تقریباً 20 سال تھی۔ اس کے علاوہ قائد آباد میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 50 سالہ محمد امین ولد محمد عمر زخمی ہو گیا۔ ادھر لیاری کے علاقے بکرا پیڑی میں 3 نوجوان پراسرار طور پر ہلاک‘ لاشیں باربی کیو ریسٹورینٹ سے ملیں جہاں وہ کام کرتے تھے۔ پولیس نے تینوں ہلاک شدگان 19 سالہ آصف‘ 18 سالہ اظہر اور 20 سالہ مزمل کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کےلئے سول اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق شبہ کیا جاتا ہے کہ ان کی موت زہریلا کھانا کھانے سے ہوئی تاہم اس بارے میں حتمی رائے پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی قائم کی جا سکے گی۔وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں سکیورٹی الرٹ کردی گئی ہے۔ افسران کو دہشت گردوں‘ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہدایت کر دی۔سنٹرل جیل سکھر میں پولیس‘ ایف سی اور رینجرز نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔ ذرائع کے مطابق مختلف بیرکس کی تلاشی لی گئی۔ موبائل فون‘ میموری کارڈز‘ یو ایس بیز‘ قینچیوں سمیت دیگر اشیاءبرآمد کرلی گئیں۔ سنٹرل جیل میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے ملزمان بھی قید ہیں۔
کراچی/جرائم