لاہور (سٹاف رپورٹر) تھانہ برکی کے علاقہ پھلروان گائوں میں زمین کے تنازع، دیرینہ دشمنی پر مخالفین نے فائرنگ کرکے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو قتل کر دیا قتل کئے جانے والوں میں 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں مرنے والوں کے لواحقین نے نعشیں پنجاب اسمبلی کے سامنے رکھ کر احتجاج کیا جب کہ فائرنگ کرنے والوں کے گائوں میں موجود گھر جلا دیئے گئے۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں خوف ہراس پھیل گیا۔ مرنے والوں کے عزیزاقارب نے پولیس کی موجودگی میں فائرنگ کی جب کہ پولیس مکمل طور پر بے بس ہو گئی تاحال مقدمہ بھی درج نہیں کیا پولیس کا کہنا ہے ملزموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی درخواست آنے پر فوری مقدمہ درج کیا جائے گا۔ کھوئے والا اور افتخارلاٹی والا گروپوں کے پہلے ہی 4 افراد قتل ہو چکے ہیں۔ معلوم ہوا ہے پھلروان گائوں میں مقتولین چارہ خریدنے کے لئے ٹریکٹرٹرالی پر جا رہے تھے کہ اس دوران ناکہ میں گھات لگائے افتخارلاٹھی گروپ کی جانب سے اچانک فائرنگ کر دی گئی فائرنگ سے 2 سگے بھائی 50 سالہ قربان اور 45 سالہ عبدالرشید سمیت 32 سالہ بشیر، تنویر اور قادر مارے گئے جب کہ واردات کے بعد ملزم ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی مرنے والوں کے لواحقین اور عزیزواقارب دھاڑیں مار کر روتے رہے اور نعشیں لے کر احتجاج کے لئے پنجاب اسمبلی کے باہر پہنچ گئے جہاں انہوںنے ملزموں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔ ملزموں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی پر ورثا نعشیں لے کر روانہ ہو گئے۔ بعدازاں مظاہرین نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائش زمان پارک کے باہر بھی احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔ علاوہ ازیں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر نے کہا ہے پولیس جلد قتل کے ملزموں کو گرفتار کر لے گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے قتل کا نوٹس لیا اور ایس پی کینٹ بلال افتخار کو ملزمان کی گرفتاری اور اوور آل کیس کی نگرانی کرنے کا حکم دیا جس پر ایس پی کینٹ نے سفاک ملزمان کی گرفتاری کیلئے آپریشنز و انویسٹی گیشن کی 02 ٹیمیں تشکیل دیں جنہوں نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر ملزمان کا سراغ لگا لیا ہے جن کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لاکھڑا کردیا جائے گا۔