لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کے داماد کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔ نیب نے عدالت میں ملزم کو اشتہاری قرار دینے کی درخواست دی تھی۔ احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے عمران علی یوسف کو اشتہاری قرار دیا۔ نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ علی عمران کو متعدد بار طلب کیا اس کے باوجود وہ بیرون ملک فرار ہو گئے ہیں، چیئرمین نیب نے عمران علی یوسف کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت عمران علی یوسف کو اشہاری قرار دے۔ عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد علی عمران کو اشتہاری قرار دے دیا۔ نیب لاہور نے شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کو اشتہاری قرار دینے کیلئے احتساب عدالت میں درخواست دی جس میں نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران علی یوسف کو پنجاب پاور کمپنی کیس میں بارہا طلب کیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے اور بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں۔