لاہور (خصوصی رپورٹر) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میںآزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندہ وفود کا ایک مشاورتی اجلاس ہوا ۔ اجلاس میںصدر نظریۂ پاکستان فورم آزاد کشمیر مولانا محمد شفیع جوش، رہنما پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر فاروق خان آزاد، آل جموں وکشمیر وکلاء محاذ کے رہنما سید منظور حسین گیلانی ایڈووکیٹ، رہنما پاکستان مسلم لیگ آزاد کشمیر راجہ شیر زمان ایڈووکیٹ، رہنما جماعت اسلامی آزاد کشمیر خوشحال شاہین، رہنما تحریک محافظ کشمیر/آل پارٹیز حریت کانفرنس راجہ ابرار کشمیری، نمائندہ آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس انجینئر محمد شفیع اقبال، قائم مقام انچارج کشمیر سنٹر لاہور انعام الحسن کاشمیری،کنوینر شعبۂ خواتین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ بیگم مہناز رفیع، سیکرٹری بیگم صفیہ اسحاق، کنوینر مادرملتؒ سنٹر پروفیسر ڈاکٹر پروین خان اور سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے شرکت کی۔ اجلاس میں باہمی رابطوں کو فروغ دینے، کشمیر کاز کو آگے بڑھانے اور مسئلہ کشمیرکو ملکی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ایک رابطہ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ رابطہ کمیٹی کے کنوینر ممتاز کشمیری رہنما مولانا محمد شفیع جوش اور جوائنٹ کنوینر فاروق خان آزاد ہوں گے جبکہ تمام سیاسی تنظیموں کے نمائندے اس کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔اجلاس میں مقررین نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی آنیوالی حکومت مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کیلئے موثر کردار ادا کرے گی ۔ مقررین کا اس امر بھی اتفاق تھا کہ اس مسئلہ کو سوشل میڈیا پر بھی زیادہ اجاگر کیا جائے کیونکہ یہ میڈیا آج کل ابلاغ کا موثر ذریعہ بن چکا ہے۔ شاہد رشید نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ ہمیشہ کشمیریوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا ۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سابق چیئرمین مجید نظامی مرحوم نے ہر فورم پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی۔ ہم ان کے مشن کو آگے لیکر چل رہے ہیں ۔ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ بہت جلد اپنی منزل یعنی آزادی کو پالیں گے۔