لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ ن نے فیصلہ کیا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی، نوازشریف، مریم نواز شریف سمیت مسلم لیگی رہنمائوں کی سزائوں اور جھوٹے مقدمات کے خلاف رائے عامہ ہموار کرنے کے ساتھ ساتھ پارٹی کی تنظیم نو کی جائے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں یہ طے کیا گیا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف پاکستان الائنس فار فری اینڈ فیئر الیکشن کے پلیٹ فارم سے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مشترکہ جدوجد کرنے کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے بھی دھاندلی کو بے نقاب کیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن نواز شریف، مریم نواز شریف، کپٹن(ر)صفدر کی سزائوں کے خلاف احتساب عدالت سمیت دیگر انصاف حاصل کرنے والے اداروں کے متضاد رویوں کو رائے عامہ ہموار کی جائے گی۔ مسلم لیگ ن نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر)صفدر کے لئے عدالتی انصاف حاصل کرنے کے لئے تمام تر قانونی اور آئینی طریقوں کو اختیار کرے گی۔ پارٹی کی صفوں کو درست کیا جائے گا، خالی عہدے پُر کرنے کے ساتھ ساتھ نچلی سطح پر پارٹی کی تنظیم نو کی جائے گی۔ حمزہ شہباز شریف سمیت دیگر رہنما پارٹی کارکنوں کے لئے دروازے کھول دیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی قیادت نے سکیورٹی کے حصار میں قائدین کو لئے جانے کے سکیورٹی اداروں کی پالیسی پر صرف ممکن حد تک ہی عمل کیا جائے۔ ماضی میں بہت سے لیڈروں اور کارکنوں کے درمیان جو فاصلے پیدا ہوئے اس کا تنقیدی جائزہ لیا گیا۔ پارٹی کی صوبائی تنظیموں کو متحرک کرنے کا فیصلہ بھی ہوا ہے۔ طے پایا ہے کہ صوبائی کونسلوں اور صوبائی پارلیمانی پارٹیوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے آئندہ کی سیاسی حکمت عملی طے کیا جایا کرے گی۔ ضلعی تنظیموں میں جہاں جہاں رپورٹ ہوئی وہاں عہدیداروں کو تبدیل کیا جائے گا۔ اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں مرکزی سیکرٹریٹ کو جاری رکھا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی ساتھ اسلام آباد میں بھی پارٹی سیکرٹریٹ کو فعال کیا جائے گا۔
مسلم لیگ ن کی تنظیم نو، کارکنوں کیلئے دروازے کھولنے کا فیصلہ
Aug 08, 2018