نوشہرہ (صباح نیوز) پرویز خٹک نے کہا ہے کہ نامزد وزیراعظم عمران خان کو قومی اسمبلی میں بھر پور اکثریت حاصل ہو چکی ہے۔ خیبرپی کے، پنجاب، سندھ اور بلوچستان اور وفاقی کابینہ سمیت تمام فیصلوں کا اعلان عمران خان خود کریں گے۔ میڈیا مسلسل بے پر کی اڑا رہا ہے اور غلط اندازے لگا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کی وفاقی اور صوبائی حکومتیں عمران خان کی قیادت میں میرٹ اور انصاف پر مبنی فیصلے کریں گی۔ تحریک انصاف کی اولین ترجیح اس ملک کے غریب عوام پارٹی کے غیور کارکن پارٹی کا عظیم سرمایہ نوجوان اور جنون اور پارٹی ٹائیگرز ہیں۔ سو دن کے پروگرام کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔ یہ وقت مشکل فیصلے کرنے کا ہے۔ مجھے اپنے پارٹی قائد پر اعتماد ہے اس نے جو بھی فیصلہ کیا وہ مجھے منظور ہوگا۔ تمام فیصلے ملک اور صوبوں کے مفاد اور میرٹ پر ہوں گے۔ وہ نوشہرہ میں میڈیا سے خصوصی بات چیت کررہے تھے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ اس وقت عمران خان کی تمام تر توجہ اپنے منشور اور سو دن کے پروگرام پر ہے اور ہماری بنی گالہ میں تمام اجلاس اسی حوالے سے ہورہے ہیں۔ میرے حوالے سے بھی غلط اندازے لگائے جارہے ہیں۔ میری عاطف خان کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں ۔ میری ابھی تک عاطف خان کے ساتھ کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ فیصلوں کا اختیار پارٹی کے قائد کے پاس ہے۔ اداروںکے ساتھ محاز ارائی ہر گز نہیں کریں گے بلکہ اداروں کے ساتھ ملکر اس ملک کو معاشی بحران سمیت دہشت گردی بدامنی لاقانونیت ناانصافی اقرابا پروری کرپشن سے نجات دلانا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے بعد عمران خان صوبوں کے وزیر اعلیٰ سمیت وفاقی کابینہ کے ناموں کا اعلان کریں گے۔ میں نے الیکشن مہم کے دوران کسی بھی پارٹی کوکوئی گالی نہیں دی بلکہ میں ووٹوں کی خرید وفروخت اور سرعام مردوں اور خواتین کی منڈیاں لگاکر ان کے ووٹ اور شناختی کارڈ کے خرید وفروخت کے خلاف آواز اٹھائی۔