صدر نے ضرور ت مند ادیبوں اور فن کاروں کیلئے مالی امداد کی منظوری دیدی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ممنون حسین نے ملک بھر کے ضرورت مند آرٹسٹوں‘ ادیبوں اور فن کاروں کے لئے ایک کروڑ روپے سے زیادہ کی مالی امداد کی منظوری دی ہے۔ صدر نے گزشتہ روز یہ منظوری ایک اجلاس میں دی۔ انہوں نے کہاکہ اپنے دور صدارت کے آخری اجلاس کی صدارت کر رہا ہوں۔ صدر نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ آرٹسٹوں اور ادیبوں کے لئے قائم ویلفیئر فنڈ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ صدر نے اجلاس میں شریک تمام عہدیداروں اور مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کارخیر میں حصہ لیا۔ صدر نے کہا کہ ادیب شاعر اور فنکار معاشرے کا قابل قدر حصہ ہیں جو معاشرے اور ملک کا روشن اور مثبت پہلو اجاگر کرتے ہیں۔ معاشرے کو ان کے کام آنا چاہئے۔ اجلاس میں عطاء الحق قاسمی‘ زیبا محمد علی‘ اصغر ندیم سید‘ محمد قوی خان‘ سلمان علوی‘ مصطفیٰ قریشی‘ نجیب اﷲ انجم اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن