ملتان (لیڈی رپورٹر)جشن آزادی کی تیاریاں جوش و خروش سے جاری ہیں۔ پاکستان کے 72 ویں یوم آزادی کے موقع پر گلی کوچوں‘ چوراہوں اور سڑکوں پر واقع فٹ پاتھوں پر سجے سٹالز پر لگے سپیکرز پر بجنے والی دھنوں پر جھومتے نوجوانوں کی ٹولیاں قومی پرچم سے اپنے موٹر بائیک گاڑیوں اور جیپ کاروں کو سجانے میں مصروف نظر آتے ہیں۔ ان نوجوانوں کا جذبہ حب الوطنی ٹھاٹھیں مارتے سمندر کی طرح جوش و جذبے سے بھرا ہے۔ والدین اپنے بچوں کو انکی مرضی کی اشیاء وطن سے محبت سے آراستہ لے کر دیتے نظر آتے ہیں۔ ہر عمر کے افراد بیجز‘ ٹوپیاں‘ قومی پرچم سے سجی شرٹس اور گھروں کو سجانے کے لئے جھنڈیاں خریدنے میں مصروف ہیں۔ اس موقع پر نوائے وقت سے بات کرتے ہوئے طالبعلم نعمان عزیز‘ وقار اشرف‘ اسد اور رحیم بخش نے کہا آزادی بہت بڑی نعمت ہے آج کشمیر کے مسلمان جس تکلیف سے دوچار ہیں ایسے میں ہم خدا کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہیں کہ قائداعظمؒ ان کی عظیم بہن محترمہ فاطمہ جناحؒ اور انکے دیگر رفقائے کار نے جس جذبے سے عظیم مملکت پاکستان حاصل کیا خدا کرے کہ ہم اسکی حفاظت کا حق ادا کر سکیں۔ بیگم ندرت فاطمہ اپنے بچوں کے ہمراہ سبز ہلالی پرچم اور گھر کے درو بام سجانے کے لئے سبز پرچم کی جھنڈیاں اور شرٹس پر سجانے کے لئے بیجز خریدنے آئی تھیں انہوں نے پچھلے سال کی نسبت اس سال شدید مہنگائی کا رونا رویا مگر وہ بچوں کی خوشیوں کے لئے خریداری کرنے پر مجبور رہی۔ دکاندار احمد مرتضیٰ‘ جان محمد‘ قمر عباس نقوی نے کہا کہ جشن آزادی کے روز خدا کا شکر ہے کہ خریدار دل کھول کر خوشیاں مناتے ہیں ایسے میں تاجر برادری کئی مہینے سے سکھ سے روٹی کھاتی ہے جیپ سجانے ولے نوجوان زاہد عمر‘ قسور نواز‘ عمر بلوچ‘ شاہد اور رضا علی نے کہا پاک وطن کا سبز ہلالی پرچم ہماری آن بان ہے اسکی عظمت اسکی حرمت پر پوری امت مسلمہ قربان ہے۔
جشن آزادی کی تیاریاں جوش و خروش سے جاری‘ سٹالوں پر شہریوں کا رش
Aug 08, 2018