لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی انڈر 19ویمنز فٹبال چیمپئن شپ میں 2کوارٹر فائنلز کا فیصلہ ہوگیا،اسلام آباد نے خیبرپختونخوا کوآٹھ صفر سے زیر کر لیا، ایشال فیاض نے 3گول کئے۔دوسرے کوارٹرفائنل میں پنجاب نے پنالٹی ککس پر سندھ کو تین ایک سے مات دیدی۔ تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاون فٹبال اکیڈمی گراونڈ پر کھیلے جانے والے پہلے کوارٹر فائنل میں اسلام آباد فٹبال ایسوسی نے خیبرپختونخوا کیخلاف یکطرفہ مقابلے میں کامیابی سمیٹی، فاتح ٹیم کی طرف سے پہلا گول ایشال فیاض نے 17ویں منٹ میں کیا،ایمان فیاض نے شاندار انفرادی کوشش سے چند منٹ بعد ہی برتری دگنا کر دی، پہلا ہاف ختم ہونے سے قبل ایمل آفتاب نے حریف کے دفاع میں شگاف ڈالتے ہوئے سکور تین صفر کر دیا۔ وقفے کے بعد اسلام آباد کی ٹیم نے مزید جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پے درپے گول کرنے کا سلسلہ جاری رکھا،یسریٰ ملک نے 42ویں منٹ میں گول داغنے کے بعد چند لمحے بعد اگلی موو پر کامیابی حاصل کی،ویرا ایوب نے 53ویں منٹ میں بال کو جال کی راہ دکھائی تو ایشال فیاض نے میچ کے آخری لمحات میں مسلسل دو گول کرتے ہوئے سکور آٹھ صفر کر دیا۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں پنجاب نے پنالٹی ککس پر سندھ کو تین ایک سے مات دیدی، دونوں ٹیموں کے مابین سخت مقابلے میں میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا، سندھ کی جانب سے ملیحہ نے 15ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، ماہین گل نے پنجاب کیلئے 29ویں منٹ میں کامیاب کوشش سے مقابلہ برابر کردیا، بعد ازاں دونوں ٹیموں میں سے کوئی بھی گول نہ کرسکی اور فیصلہ پنالٹی ککس پر ہوا۔
قومی انڈر 19خواتین فٹبال ٹورنامنٹ اسلام آباد اورپنجاب سیمی فائنل میں
Aug 08, 2018