لاہور‘ راولپنڈی‘ سیالکوٹ (سپورٹس رپورٹر + اپنے سٹاف رپورٹر سے + نامہ نگار) ملک کے بالائی علاقوں سمیت پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے مختلف شہر میںآج بھی مون سون بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، ڈی جی خان، قلات، ہزارہ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ بہاولپور، ملتان، مالاکنڈ، پشاور، مردان، بنوں، کوہاٹ، ڈی آئی خان، ژوب، سبی ڈویژن میں کہیں کہیں اور سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیرآباد ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہواوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ موسمیات کے مطابق جمعہ تک ہزارہ، مالاکنڈ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ڈی جی خان، ملتان ڈویژن اور کشمیر میں موسلادھار بارش کے باعث مقامی دریاوں/برساتی نالوں میں طغیانی‘ نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی امکان ہے۔ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ ژوب، ملتان، ڈی جی خان، سرگودھا اور ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہواوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ راولپنڈی میں شدید بارش کے دوران برساتی نالے کے کنارے بنے گھر کی بیسمنٹ پانی میں بہہ گئی جس سے ماں بچہ جاں بحق ہوگئے جبکہ ڈھوک چوہدریاں میں سات سالہ بچہ برساتی نالے میں بہہ گیا جس کی نعش اڈیالہ گائوں کے قریب سواں سے ریسکو1122 نے برآمد کرلی۔ نھامرہ مورگاہ میں برساتی نالے کے کنارے بنے گھر کی بیسمنٹ تیز رفتار پانی میں بہہ گئی جس سے عمارت زمین بوس ہوگئی اور گھر کے افراد پانی میں بہنے کے ساتھ ساتھ ملبے تلے دب گئے 35 سالہ خاتون مائی مسرت زوجہ ریاض اور 9 سالہ بچہ ظہیر ولد ریاض کی نعشیں نکال لی گئیں جبکہ 18 سالہ نبیلہ‘ 34 سالہ دلشاد بی بی‘ 21 سالہ عنائت ، 17 سالہ لیاقت ، 13 سالہ زین ، 12 سالہ غضنفر ، افتخار ، 55 سالہ ریاض کوبازیاب کرلیا گیاجبکہ دس سالہ وہاب لاپتہ ہے جس کی تلاش جاری ہے ادھر بارش کے دوران ڈھوک چوہدریاں میں قبرستان والی گلی میں سات سالہ بچہ علی ولد غلام عباس برساتی نالے کے تیز پانی میں بہہ گیا۔ علاوہ ازیں بالائی علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب، ھیڈمرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ چونسٹھ ہزار 975 کیوسک ہو گیا۔ جبکہ یہاں سے پانی کا اخراج ایک لاکھ چوبیس ہزار کیوسک ہے۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق مقبوضہ جموں سے آکر ھیڈمرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں شال ہونے والے دریائے جموں توی میں پانی گیارہ ہزار 864 کیوسک اور دریائے مناور توی میں پانی کا بہاؤ نو ہزار تین سو اسی کیوسک ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کوہ شوالک کے سلسلہ میں ہونے والی بارشوںکے باعث نالہ ڈیک، نالہ ایک اور نالہ پلکھو میں بھی پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔