اسلام آباد: ہندوستان کی جانب سے طاقت کے زور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کے بعد وزیراعظم عمران خان نے فوج کو ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بعد وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بلائے گئے قومی سلامتی کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں انتہائی اہم فیصلے کر لیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاک فوج کو ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی بربریت اور تعصب کو سفارتی سطح پر بے نقاب کیا جائے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں دنیا کے سامنے لائی جائیں۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان نے 15 اگست کو بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے اور اںڈیا کے ساتھ تمام باہمی معاہدوں پر نظرثانی، سفارتی تعلقات کم ترین سطح پر لانے اور باہمی تجارت معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے اختتام کے بعد جاری اعلامیہ میں مقبوضہ کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں لے جانے اور 14 اگست کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ہر سطح پر بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر سیاسی، سفارتی اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے اور تجاویز مرتب کرنے کے لیے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
یہ کمیٹی وزیر خارجہ، اٹارنی جنرل آف پاکستان، سیکرٹری خارجہ، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او)، ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی احمر بلال صوفی پر مشتمل ہوگی۔ گزشتہ روز کمیٹی کی تشکیل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تھا۔
گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیریوں کی جدوجہد کا آخری حد تک ساتھ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں کشمیر کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور بھارتی اقدام کیخلاف حکومتی موقف کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی تسلط کو قانونی بنانے والے آرٹیکل 370 کو کبھی تسلیم نہیں کیا، اب بھارت نے خود اس کھوکھلے بہانے کو ختم کر دیا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا پاک فوج کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی کامیابی تک ساتھ ہے، پاک آرمی اپنی ذمہ داری نبھانے کے لیے مکمل تیار ہے۔ پاک فوج اس سلسلے میں کسی بھی حد تک جائے گی۔