عمران نے دنیا کے سامنے بھارتی مکاری کا پردہ فاش کردیا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پوری قوم کی آواز ہے اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے حوالے سے بھارت کے متنازعہ اقدام پر وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی قوم کی ترجمانی کا حق ادا کیا ہے اور وزیراعظم عمران خان نے دنیا کے سامنے بھارت کی مکاری کا پردہ فاش کیا ہے۔ عمران خان نے دنیا کوامن کا پیغام دیا ہے اور سچ یہ ہے کہ ہرصاحب ضمیر بھارتی بھی مودی سرکار کے غیر جمہوری اور گھنائونے اقدام پر شرمندہ ہے اورمقبوضہ کشمیر کے بارے میں بھارت کا تعصب دنیا کے سامنے ایک بار پھر بے نقاب ہوگیا ہے۔ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے تمام اخلاقی،سفارتی،سیاسی اوربین الاقوامی قوانین کو پامال کیا ہے اورمودی سرکارنے یہ متنازعہ اقدام کر کے علاقائی سلامتی اورامن کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔بھارت ہٹ دھرمی کی تمام حدیں پار کرچکا ہے۔ بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو پاکستان کی مسلح افواج منہ توڑ جواب دے گی اورپوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اقوام عالم کے ضمیر کو اب جاگنا پڑے گااوربین الاقوامی برادری کو بھارت کے غیر قانونی، غیرجمہوری اورغیر آئینی اقدام پر فوری نوٹس لینا چاہیے۔ علاوہ ازیںو زیراعلیٰ نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پیپرلیس ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم لانچ کر دیا ہے اور اس سسٹم سے تقریباً 4 لاکھ اساتذہ کی تمام تفصیلات آن لائن پورٹل پر دستیاب ہوں گی۔ اساتذہ کو ٹرانسفر، پروموشن، چھٹیوں اور ریٹائرمنٹ جیسے معاملات میں بھاری بھرکم فائلوں کے ساتھ دفتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ پچھلے 2 ماہ میں تقریباً 20 ہزار اساتذہ کے ان کی مرضی کی جگہ پر تبادلے گھر بیٹھے موبائل کے ذریعے ہوئے اور پہلی بار یہ تبادلے بغیر کسی سفارش، سیاسی دبائو یا رشورت کے ہوئے۔ عثمان بزدار نے چک جھمرہ میں طالبہ کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور راولپنڈی کے علاقے مورگاہ میں نالے میں بہہ جانے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن