اسلام آباد (اے پی پی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کے لئے پوری پاکستانی قوم اور ملک کی تمام سیاسی قوتیں متحد و منظم ہیں اور وہ تمام تر سیاسی اختلافات پس پشت ڈال کر مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہائوس میں جوائنٹ سیشن کے موقع پر سینٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی، قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف اور جماعت اسلامی کے امیر سینٹر سراج الحق، سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف، سابق وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر سمیت قومی اسمبلی اور سینٹ کے اراکین سے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزادکشمیر نے پارلیمنٹ ہائوس میں جن پارلیمنٹرینز سے ملاقاتیں کیں ان میں وفاقی وزیر خسرو بختیار، ایم این اے اسد عمر، وفاقی وزیر محترمہ شیریں مزاری، وفاقی وزیر شفقت محمود، خواجہ محمد آصف، خرم دستگیر، ڈاکٹر احسن اقبال، مریم اورنگزیب، ڈاکٹر زبیدہ جلال ، پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم سواتی ، سینٹر ڈاکٹر عشر ت حسین، وفاقی وزیر شہر یار آفریدی اور دیگر شامل تھے۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزادکشمیر اور پاکستان کے عوام بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے بھارتی اقدام کو مسترد کرتے ہوئے یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ تنازعہ کشمیر ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کے مستقبل کا معاملہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صورت میں بین الاقوامی تحفظ حاصل ہے۔ اس بین الاقوامی تنازعے کو بھارت ایک صدارتی حکم سے ختم کر سکتا ہے اور نہ ہی کشمیریوں کی پرامن اور جمہوری جدوجہد کو طاقت سے دبا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اور آزادکشمیر کے عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند متحد اور منظم ہیں اس لئے دشمن وطن عزیز اور آزادکشمیر کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔
بھارت کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کے لئے پاکستانی قوم متحد ہے: صدر آزادکشمیر
Aug 08, 2019