ضلع قصور میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ساڑھے 19ارب روپےکے 126ڈویلپمنٹ پراجیکٹ شامل ہیں : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

Aug 08, 2019 | 20:10

ویب ڈیسک

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے چھانگا مانگا میں مون سون شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔اس موقع پر فارسٹ پارک میں 5سوطلبہ نے بھی شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے شہریوں میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کر کے ضلع قصور کیلئے صحت انصاف کارڈ منصوبے کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔وزیراعلیٰ نے چھانگامانگا میں ورلڈ فاریسٹ ڈے پر کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت طلبہ کے ہمراہ لگائے پودوں کودرخت بنتے دیکھ کر اظہار مسرت کیا۔چھانگامانگا فارسٹ پارک میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کے ذریعے پنجاب کے ساڑھے تین کروڑ افراد نجی ہسپتالوں سے مفت علاج کرائیں گے۔صوبے کی 30 فیصد آبادی کو انصاف کارڈ کے ذریعے ہیلتھ کور حاصل ہوگا۔قصور میں 2لاکھ72ہزار خاندان اور11لاکھ افراد ہیلتھ کارڈ سے مفت علاج کرائیں گے۔ضلع بھر کے 32فیصدعوام کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت میسر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کے ذریعے خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے لوگ عزت و احترام سے مستفید ہوں گے۔ہیلتھ کارڈ کے ذریعے سفید پوش لوگوں کا نجی ہسپتالوں میں مفت علاج ہوگا۔صحت انصاف کارڈ کی 7 لاکھ 20 ہزار روپے کی لمٹ کو ضرورت کے تحت بڑھایا بھی جاسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع قصور میں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ساڑھے 19 ارب روپے کی لاگت سے 126 ڈویلپمنٹ پراجیکٹ شامل ہیں۔ چھانگا مانگا میں 5 کروڑ روپے کی لاگت سے ٹی ڈی سی پی ریزارٹ کی تعمیر و توسیع کی جائے گی۔ قصور میں واٹر سپلائی کی نئی سکیمیں شروع کی جائیں گی۔دریائے ستلج کے ساتھ چونیاں کے علاقے میں فتح محمد بند اور لالو گدر بند کی ری ماڈلنگ کی جائے گی۔ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور اور پتوکی تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔ قصور میں نئی یونیورسٹی بنائی جائے گی۔ پتوکی میں نیا تحصیل کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا قومی فریضہ ہی نہیں، سماجی اور مذہبی اقدار میں بھی شامل ہے۔شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے حصے کا پودا ضرور لگائیں، نگہداشت کریں اور وطن عزیز کو سرسبز و شاداب بنائیں۔چھانگا مانگا کا ڈیڑھ سو سالہ قدیم مصنوعی جنگل ہمارا حیاتیاتی ورثہ ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ چھانگا مانگا کا جنگل محض درختوں کا ذخیرہ ہی نہیں بلکہ جنگلی حیات کے فروغ کا ذریعہ بھی ہے۔ ضلع قصور میں پانچویں مرتبہ آیا ہوں،سیف سٹی پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہے۔فاریسٹ پارک میں تجاوزات کے خاتمے کی مہم مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائے۔وزیراعلیٰ نے قصور کے شہریوں میں انصاف صحت کارڈ تقسیم کیے۔تقریب سے صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد اورسیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں صوبائی وزیر سردار آصف نکئی، مشیر حنیف پتافی، اراکین اسمبلی، سردار طالب نکئی،مختار شاہ،تحریک انصاف کے رہنماء سردار آصف احمدعلی،پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر،سیکرٹری جنگلات، کمشنر لاہور ڈویژن، آر پی او شیخوپورہ، ڈپٹی کمشنر قصور، ڈی پی او قصور اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں