اسلام آباد + جنیوا (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ + شنہوا) پاکستان میں کرونا وائرس کی مجموعی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور 2 لاکھ 83 ہزار 239 کیسز میں سے 2 لاکھ 58 ہزار 99 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 64 افراد کا انتقال ہوا ہے۔ ملک میں کرونا وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی یہ تعداد 91 فیصد سے زائد ہے جبکہ اس وقت ملک میں فعال کیسز 18 ہزار سے زیادہ رہ گئے ہیں۔ 7 اگست صبح تک ملک میں مجموعی طور پر 917 کیسز اور 18 اموات کا اضافہ ہوا، جس میں 28 کیسز اور ایک موت گزشتہ شب کو آنے والے بلوچستان کے اعداد و شمار کے بھی شامل ہیں۔ سندھ میں 487 افراد کرونا کا شکار ہوگئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 246 ہوگئی ہے۔ مزید 9 افراد کی ہلاکت سے اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 259 تک جا پہنچی ہے۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 193 کیسز اور 2 اموات کا اضافہ ہوا۔ مجموعی کیسز 94 ہزار 40 تک پہنچ گئے۔ مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 164 تک پہنچ گئی۔ خیبر پختونخوا کی جانب سے 107 نئے کیسز کی تصدیق ،متاثرہ افراد کی تعداد 34 ہزار 539 ہوگئی۔جمعہ کو ایک مریض جبکہ گزشتہ سے 2 اموات کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 1222 ہوگئی ہے۔صوبہ بلوچستان میں کرونا وائرس نے 6 اگست کو مزید 28 افراد کو متاثر کیا اور ایک کی جان لے لی۔ مجموعی کیسز 11 ہزار 821 تک پہنچ گئے۔مجموعی اموات کو 137 تک پہنچا دیا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا کے مریضوں کی تعداد میں 41 کا اضافہ ہوا جبکہ 3 افراد لقمہ اجل بنے۔مجموعی کیسز 15 ہزار 182 ہوگئے۔ مجموعی اموات کی تعداد 170 تک پہنچ گئی۔گلگت بلتستان میں 53 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی اور مجموعی متاثرین کی تعداد 2 ہزار 257 تک جاپہنچی۔ آزاد کشمیر میں کرونا کی وبا کی 8 نئے مریضوں میں تشخیص ہوئی جبکہ 2 افراد لقمہ اجل بن گئے۔مجموعی تعداد 2 ہزار 124 ہوگئی اور مجموعی اموات 57 تک پہنچ گئی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 41 مریض ایسے تھے جو مکمل صحتیاب ہوگئے۔یوں اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب افراد کی تعداد 2 لاکھ 58 ہزار 99 ہوگئی جو 91 فیصد سے زائد ہے۔ کرونا وائرس کے باعث سفری پابندیوں اور لاک ڈاؤن میں بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے گرینڈ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے ۔ 64ممالک سے خصوصی فلائٹ آپریشن کے تحت 5سو سے زائد ملکی اور غیر ملکی پروازوں کے ذریعے3 لاکھ4ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچایا گیا۔3لاکھ پاکستانی خصوصی فلائٹ آپریشن ،4ہزار 329پاکستانی زمینی راستوں کے ذریعے وطن واپس پہنچے۔ 2 ہزار تبلیغی جماعت کے افراد1 ہزار 326زائرین اوربیرون ملک جیلوں میں قید 1 ہزار745 پاکستانیوں واپسی ہوئی۔ متحدہ عرب امارات سے 1 لاکھ 54ہزار ،سعودی عرب سے 63ہزار 595، قطر سے 17 ہزار ، اومان سے 11ہزار ,729 بحرین سے 4ہزار 469، ترکی سے 6ہزار339 پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیا۔ وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹرکااجلاس ہوا جس میں وزیرداخلہ اعجازشاہ، معاون خصوصی ڈاکٹرفیصل سلطان نے شرکت کی جبکہ صوبائی نمائندوں کی بذریعہ ویڈیولنک جلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ مختلف شعبوں کی بحالی میں ہیلتھ گائیڈلائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، کرونا وائرس کا خطرہ بدستور موجود ہے، ہیلتھ گائیڈ لائنز پر عدم عملدرآمد سے کرونا دوبارہ پھیل سکتا ہے۔ قوم محرم الحرام میں گائیڈ لائنز پر عمل کے جذبے کو برقرار رکھے، محرم میں گائیڈلائنزپرعملدرآمد سے کرونا کے خطرات کوکم کرناممکن ہے، وفاق وصوبے محرم الحرام میں پبلک سیفٹی کیلئے موثر اقدامات یقینی بنائیں۔چین کی 3 سمیت کرونا وائرس کی 6 امیدوار ویکسینیں تیسرے مرحلے کے تجربات میں داخل ہوگئیں ہیں، یہ بات عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے ایک سینئر عہدیدار نے بتائی ہے۔ڈبلیو ایچ او کے ہیلتھ ایمرجسنی پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مائیکل ریان نے ایک ورچوئل بریفنگ میں بتایا کہ چین کی 3 متوقع ویکسینیں میں سائیو واک ، ووہان انسٹی ٹیوٹ برائے بائیولوجیکل پراڈکٹس/سائنو فارم اور بیجنگ انسٹی ٹیوٹ برائے بائیولوجیکل پراڈکٹس /سائنو فارم ویکسین شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 3 دیگر ویکیسنیں آکسفورڈ یونیورسٹی/استرازنیکا ، موڈرینا / این آئی اے آئی ڈی اور بائیو این ٹیک /فوسن فارما /فزرنے بنائے ہیں۔تیسرے مرحلے میں ان ویکسینز کو عوامی سطح پر پہلی بار استعمال کیا جائے گا۔تاہم انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ قریب پہنچ چکے ہیں۔
کرونا : فعال کیسز 18ہزار ، 91فیصد مریض شفایاب، مزید 18اموات: صورتحال بہتر
Aug 08, 2020